کیا رمیز راجا بھی استعفیٰ دے دیں گے؟ نیا چیئرمین کون ہوگا؟

0 981

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی تقرری وزیر اعظم پاکستان خود کرتا ہے۔ اور یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی سے عمران خان کی وزارت عظمیٰ ختم ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا سنگھاسن بھی ڈولتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

اس وقت مختلف ذرائع سے یہ خبر سامنے آ رہی ہے کہ رمیز راجا اس عہدے سے استعفیٰ دینے پر غور کر رہے ہیں، جو آئندہ آنے والی تبدیلیوں سے پہلے ایک مناسب فیصلہ لگتا ہے۔

رمیز راجا سابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی شمار ہوتے ہیں۔ انہی کے کہنے پر رمیز راجا نے ستمبر 2021ء میں کمنٹری کیریئر چھوڑ کر پی سی بی کی سربراہی سنبھالی تھی۔ وہ احسان مانی کی جگہ اس عہدے پر فائز ہوئے تھے۔

رمیز کی آمد سے پاکستان کرکٹ میں کافی تبدیلیاں آئیں۔ سب سے پہلے تو وقار یونس اور مصباح الحق کوچ کی حیثیت سے فارغ ہوئے اور پھر بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے بھی استعفیٰ لے لیا گیا۔

لیکن صرف آٹھ ماہ بعد اب رمیز کو بھی اسی طرح دیس نکالا دیا جا سکتا ہے۔ لیکن فی الحال دارالحکومت میں اس سے کہیں زیادہ اہم معاملات زیرِ غور ہیں۔ وزیر اعظم کے انتخاب سے لے کر اور نئی کابینہ کے چناؤ سے لے کر بہت کچھ ہونا ابھی باقی ہے، جس کے بعد کہیں جا کر پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑ کی شروعات ہوگی۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے گزشتہ دورِ حکومت میں یہ عہدہ معروف صحافی نجم سیٹھی کے پاس تھا۔ وہی نجم سیٹھی جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے خواب کو حقیقت کا رُوپ دیا تھا۔ اگر شہباز شریف نئے وزیر اعظم منتخب ہو جاتے ہیں تو کیا نجم سیٹھی واپس آئیں گے؟ اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا لیکن آئندہ چند ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔