شان مسعود کی شان دار ڈبل سنچری
پاکستان کے اوپننگ بلے باز شان مسعود کاؤنٹی چیمپیئن شپ 2022ء میں اپنی مہارت کے جلوے دکھا رہے ہیں بلکہ اب تو کیریئر بیسٹ اننگز کھیل ڈالی ہے۔
ڈربی شائر کی جانب سے سسیکس کے خلاف کھیلتے ہوئے شان نے پہلے ہی دن ناٹ آؤٹ 201 رنز بنائے ہیں، جس کی بدولت ڈربی شائر صرف دو وکٹوں پر 327 رنز بنا چکا ہے اور مقابلے پر مکمل طور پر حاوی ہے۔
یہ چیمپیئن شپ کے جاری ڈویژن 2 کے سیزن میں کسی بھی بلے باز کی پہلی ڈبل سنچری ہے بلکہ کئی سالوں بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی پاکستانی بیٹسمین کاؤنٹی میں ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔
شان مسعود کا ڈربی شائر کے لیے سیزن ابھی تک بہترین جا رہا ہے۔ انہوں نے آغاز ہی 91، 62 اور 201 رنز کی اننگز کے ساتھ کیا ہے۔ یہ ڈبل سنچری ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی بہترین اننگز ہے۔ اس سے پہلے شان کا سب سے بڑی فرسٹ کلاس 199 رنز تھی۔ لیکن وہ اس وقت 271 گیندوں پر 22 چوکوں کے ساتھ 201 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس اننگز کے دوران شان تیسری وکٹ پر وین میڈسن کے ساتھ 236 رنز کی شراکت داری بنا چکے ہیں اور پہلے دن کے اختتام پر دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ میدان سے واپس آئے۔ یعنی ابھی کہانی ختم نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ 32 سالہ شان مسعود حالیہ پاک-آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں تھے بلکہ انہوں نے گزشتہ سال دورۂ نیوزی لینڈ کے بعد کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا۔