لبوشین پھر شاہین کے ہتھے چڑھ گئے

0 1,002

دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز مارنس لبوشین کا سامنا جب بھی شاہین آفریدی سے ہوا، انہیں وکٹ دیتے ہی بنی۔ حالیہ پاک-آسٹریلیا سیریز اس کی گواہ ہے کہ جس میں ہر ٹیسٹ میں شاہین نے کم از کم ایک مرتبہ تو لبوشین کو آؤٹ ضرور کیا۔ وہ اب تک پانچ مرتبہ لبوشین کی وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔

اس لیے کاؤنٹی چیمپیئن شپ ڈویژن ٹو کے اِس مقابلے سے پہلے ہی سب کی نظریں یہیں تھیں بلکہ خود لبوشین کی بھی:

یہاں شاہین آفریدی مڈل سیکس کی جانب سے کھیل رہے ہیں جبکہ لبوشین گلیمورگن کی طرف سے۔

کارڈف میں اس چار روزہ مقابلے کے پہلے دن اننگز کا آٹھواں اوور جاری تھا، جب لبوشین نے شاہین آفریدی کی چوتھی گیند کو چھوڑنے کی کوشش کی۔ لیکن گیند کی رفتار اتنی تھی کہ وہ بلّے کو راستے سے ہٹا بھی نہیں سکے اور گیند اندرونی کنارہ لیتی ہوئی وکٹوں میں جا گھسی۔ یوں لبوشین صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

یہی نہیں بلکہ شاہین نے اگلی ہی گیند پر سیم نارتھ ایسٹ کو سلپ میں کیچ آؤٹ بھی کروا دیا۔ وہ زوردار اپیل کے باوجود ہیٹ ٹرک تو حاصل نہیں کر پائے لیکن گلیمورگن اتنا دباؤ میں آ گیا کہ پھر اس کی اننگز اٹھ نہیں پائی۔ صرف 30 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہو جانے کے بعد بالآخر 122 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔

شاہین آفریدی نے اپنے 13.1 اوورز میں صرف 35 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

اگر کوئی بیٹسمین کئی بار ایک ہی باؤلر کے ہاتھوں آؤٹ تو کرکٹ کی اصطلاح میں کہتے ہیں وہ بلے باز فلاں باؤلر کا bunny ہے۔ کرکٹ تاریخ میں ایسے کئی بلے باز گزرے ہیں، جنہیں کسی باؤلر کے ہاتھوں بہت سبکی اٹھانا پڑی۔ مثلاً انگلینڈ کے مائیک ایتھرٹن، جو اپنے کیریئر میں 19 مرتبہ آسٹریلیا کے گلین میک گرا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ یہی نہیں بلکہ وہ 17، 17 بار ویسٹ انڈیز کے کرٹلی ایمبروز اور کورٹنی واش کو بھی وکٹ دے گئے۔

اس حوالے سے کرک نامہ آرکائیوز سے یہ خصوصی تحریر ضرور پڑھیں: