بین اسٹوکس انگلینڈ کے نئے ٹیسٹ کپتان مقرر

0 929

بین اسٹوکس کو انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان بنا دیا گیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد روب کی نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں یہ اہم اعلان کیا۔ جس کے بعد جو روٹ کی جگہ اسٹوکس انگلینڈ کے قائد قرار پائے ہیں۔

روب کی انگلینڈ کے معروف کمنٹیٹر تھے اور حال ہی میں پاک-آسٹریلیا سیریز کے لیے پاکستان بھی آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انگلینڈ مضبوط ترین اسکواڈ کے ساتھ دوبارہ میدان میں آئے گا اور بھرپور کارکردگی دکھائے گا۔

انگلینڈ سرمائی سیزن مایوس کن کارکردگی کے بعد اس وقت ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں آخری نمبر پر ہے۔ روب کی کا یہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ کی جلد واپسی متوقع ہے جو اس وقت کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں کھیل بھی رہے ہیں۔ یہ دونوں تجربہ کار باؤلر حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں شامل نہیں تھے کہ جہاں انگلینڈ کو ‏1-0 سے شکست ہوئی۔

بین اسٹوکس اینڈرسن اور براڈ کو واپس لانا چاہتے ہیں، وہ بھی جلد از جلد کیونکہ انگلینڈ کو 2 جون سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔

انگلینڈ کو رواں سال کے اوائل میں ایشیز میں بد ترین شکست ہوئی، جس کے بعد دورۂ ویسٹ انڈیز میں ناکامی نے جو روٹ کی قیادت بھی ختم کر دی۔ البتہ وہ بطور کھلاڑی ضرور دستیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی کپتان کے تحت کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

دورۂ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز انگلینڈ کرکٹ میں بھونچال لے کر آئے کہ جن کی وجہ سے اوپر سے نیچے تک پوری انتظامیہ بدل چکی ہے: ڈائریکٹر سے لے کر کپتان تک۔

ابھی نائب کپتان کا فیصلہ ہونا باقی ہے اور اسٹوکس کا انجری ریکارڈ دیکھیں تو یہ عہدہ بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ اِس وقت بھی اسٹوکس گھٹنے کی تکلیف سے دوچار ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ اگلے ہفتے سے ڈرہم کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیل سکیں۔

نائب کپتان کے علاوہ ٹیسٹ اور محدود اوورز دونوں طرز کی کرکٹ کے لیے ٹیم کے لیے علیحدہ کوچز کی بھی تلاش ہے۔ انگلینڈ کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ کے مصروف شیڈول اور دونوں طرز کی کرکٹ میں فرق کی وجہ سے کپتانوں کی طرح کوچ بھی الگ رکھنا چاہتا ہے۔