ٹو کرشنگ یارکر! حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ

0 1,000

حارث رؤف بھی ان پاکستانی باؤلرز میں شامل ہو گئے ہیں جو کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں۔

یارکشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے کینٹ کے خلاف 65 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ اس سیزن میں حارث کا پہلا 'فائفر' تھا۔

حارث نے لیڈز میں چار روزہ مقابلے میں دوسرے دن کا آغاز 52 رنز دے کر تین وکٹوں کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے صرف 13 رنز کے بدلے کینٹ کی مزید دو وکٹیں بھی ہتھیا لیں۔

اس تباہ کن باؤلنگ کی بدولت کینٹ ڈینیل بیل ڈرمنڈ کی سنچری اور جورڈن کوکس اور اولی روبنسن کی نصف سنچریوں کے باوجود 291 رنز پر ہی آل آؤٹ ہو گیا۔

جواب میں یارکشائر کو بھی ابتدا میں دھچکے سہنا پڑے لیکن وہ سنبھل گیا۔ صرف 23 رنز پر تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہو جانے کے بعد ڈیوڈ ملان اور ہیری بروک کی اننگز نے یارکشائر کو مقابلے کی دوڑ میں برقرار رکھا۔ دونوں نے چوتھی وکٹ پر 269 رنز کی شراکت داری کی، جس میں ملان کا حصہ 180 گیندوں پر 152 رنز کا رہا۔

ہیری بروک اب بھی 131 رنز پر کھیل رہے ہیں جبکہ اسکور پانچ وکٹوں پر 326 رنز تک پہنچ چکا ہے یعنی یارکشائر کو برتری بھی حاصل ہو چکی ہے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ باقی ماندہ دو دنوں میں مقابلہ کون سا رخ اختیار کرتا ہے۔ تب تک آپ حارث رؤف کی یہ وکٹیں دیکھیں، خاص طور پر آخری وکٹ۔ اف، کیا بال تھی!