بنگلہ دیش تاریخ کا دھارا پلٹ پائے گا؟

0 1,003

تقریباً ایک مہینے کے انتظار کے بعد بالآخر ٹیسٹ کرکٹ ایک مرتبہ پھر شروع ہونے والی ہے۔ اس بار سری لنکا بنگلہ دیش کے دورے پر جا رہا ہے کہ جہاں 15 مئی سے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔

سری لنکا بنگلہ دیش کے خلاف شاندار ریکارڈ رکھتا ہے۔ 2001ء سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان 22 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں کہ جن میں سے 17 میں سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے اور صرف ایک ٹیسٹ ایسا ہے جو بنگلہ دیش جیتا ہے۔

ویسے بنگلہ دیش کے خلاف ابتدائی 12 ٹیسٹ میچز میں تو سری لنکا کا ریکارڈ 'پرفیکٹ' تھا یعنی کامیابی ستمبر 2001ء سے مارچ 2013ء تک کھیلے گئے تمام میچز جیتا، لیکن اس کے بعد بنگلہ دیش بتدریج اپنا ریکارڈ بہتر بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔ گو کہ 2013ء سے اب تک معاملات سری لنکا کے حق میں ہی ہیں لیکن اس عرصے میں وہ دس میں سے صرف آدھے ٹیسٹ میچز ہی جیت پایا ہے۔

بنگلہ دیش نے 2017ء میں سری لنکا کے خلاف اپنی واحد ٹیسٹ کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے علاوہ چار ٹیسٹ بھی ڈرا کیے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کارکردگی

دورانیہمیچزفتوحاتناکامیاںبے نتیجہ
‏2001ء تا 2021ء221174

بہرحال، اب بھی اِس سیریز میں بنگلہ دیش کو فیورٹ قرار نہیں دیا جا سکتا، لیکن اس سمت پیش رفت ضرور ہوئی ہے۔ دیکھتے ہیں محمود اللہ الیون اس مرتبہ تاریخ کا دھارا پلٹ پاتی ہے یا نہیں؟

اگر دونوں ممالک کی باہمی ٹیسٹ کرکٹ میں انفرادی کارکردگی پر نظر دوڑائیں تو چند کھلاڑی بہت نمایاں نظر آتے ہیں۔ مثلاً عظیم اسپنر مرلی دھرن۔

مرلی نے بنگلہ دیش کے خلاف 11 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 11 ہی بار اننگز میں پانچ وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا۔ چار مختلف مواقع پر تو وہ میچ میں 10 وکٹیں بھی حاصل کر گئے۔

گو کہ مرلی تمام ہی ٹیموں کے خلاف خوب وکٹیں سمیٹتے رہے، یہی وجہ ہے کہ تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بھی ہیں لیکن بنگلہ دیش سے تو انہیں خدا واسطے کا بَیر تھا۔ اس کے خلاف صرف 11 میچز میں مرلی نے 13.37 کے معمولی اوسط سے 89 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف مرلی دھرن کی کارکردگی

میچزوکٹیںاوسطاکانمیبہترین باؤلنگپانچ وکٹیں
118913.372.636/18‏11 مرتبہ

کچھ ایسی ہی کارکردگی بلے بازی میں کمار سنگاکارا کی رہی۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف صرف 21 اننگز میں 95.57 کے اوسط سے 1816 رنز بنائے۔ ان میں ایک ٹرپل سنچری اور دو مزید ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔ یہ 2014ء کے چٹوگرام ٹیسٹ میں بنائے گئے 319 رنز تھے جو خود سنگاکارا کی سب سے بڑی ٹیسٹ اننگز ہے۔ اس کے علاوہ کمار کی دونوں ڈبل سنچریاں ناقابلِ شکست اننگز تھیں، جس میں انہوں نے 222 اور 200 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔

بنگلہ دیش کے خلاف کمار سنگاکارا کی کارکردگی

میچزرنزاوسطبہترین اننگزسنچریاںنصف سنچریاں
15181695.5731977