کاؤنٹی میں عباس بمقابلہ عامر

0 1,000

جب حسن علی، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر اپنے کمالات دکھا رہے ہوں تو آخر محمد عباس کیوں پیچھے رہیں؟

گلوسسٹرشائر کے خلاف مقابلے میں ،عباس نے تباہ کُن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 45 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہمپشائر نے پہلی اننگز میں 342 رنز  بنائے اور عباس کی شاندار گیند بازی کی بدولت گلوسسٹرشائر کو صرف 179 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ عباس کی چار وکٹیں ٹاپ آرڈر کی تھی اور حریف صرف 31 رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہوا۔ انہوں نے آخری وکٹ پاکستان ہی کے محمد عامر کی صورت میں حاصل کی۔

پہلی اننگز میں 163 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد ہمپشائر نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو یہی محمد عامر آڑے آ گئے۔ دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر عامر کی تین وکٹوں کی بدولت ہمپشائر صرف 28 رنز پر چار وکٹیں کھو بیٹھا۔ عامر اب تک صرف 22 رنز دے کر تین وکٹیں لے چکے ہیں۔

یعنی یہ میچ عباس بمقابلہ عامر ہے، دیکھتے ہیں آج کیا ہوتا ہے؟