آئی پی ایل میں اچھا برتاؤ نہیں کیا گیا، کرس گیل

0 1,000

ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین بلکہ 'یونیورس باس' کرس گیل نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران انڈین پریمیئر لیگ میں ان سے مناسب برتاؤ نہیں کیا گیا، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے 2022ء میں آئی پی ایل نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

سالہا سال تک آئی پی ایل میں راج کرنے والے کرس گیل رواں سال نیلامی کے عمل میں ہی شریک نہیں ہوئے۔ وہ ماضی میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز، رائل چیلنجرز بنگلور اور پنجاب کنگز کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے گیل نے کہا کہ انہیں وہ احترام نہیں ملا، جس کے وہ مستحق تھے، اس لیے اِس سیزن سے دست بردار ہوئے۔

"گزشتہ چند سالوں میں مجھے ایسا محسوس ہوا ہے کہ مجھ سے برتاؤ مناسب نہیں۔ اس لیے سوچا کہ ٹھیک ہے، اگر کرکٹ اور آئی پی ایل کے لیے اتنا کچھ کرنے کے بعد بھی میں اِس لائق نہیں تو نہ سہی۔ اس لیے نیلامی کے عمل میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ زندگی میں کرکٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے اور میں ویسی ہی عام زندگی گزارنے کی کوشش کر رہا ہوں۔"

ویسے انہوں نے ازراہِ مذاق یہ بھی کہا کہ "اگلے سیزن سے کوشش کروں گا کہ واپس آ جاؤں کیونکہ انہیں میری ضرورت ہے۔"

گیل نے گزشتہ سیزن میں پنجاب کنگز کے لیے 10 میچز کھیلے تھے اور صرف 193 رنز بنا پائے، جس کے بعد کہا جا رہا تھا کہ اب گیل کا سورج غروب ہو چکا ہے۔ انہوں نے آئی پی ایل میں کُل 142 میچز کھیلے اور تقریباً 149 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4,965 رنز بنائے۔ اس میں 2013ء میں تاریخ کی سب سے بڑی 175 رنز کی ٹی ٹوئنٹی اننگز بھی شامل ہے۔