کوہلی، انڈے کا فنڈا

0 1,000

اور ویراٹ کوہلی انڈین پریمیئر لیگ کے اِس سیزن میں تیسری مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

سن رائزرز حیدر آباد کے خلاف اہم مقابلے رائل چیلنجز بنگلور نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پھر پہلی ہی گیند کوہلی کے لیے واپسی کا پروانہ لے آئی۔ جگدیش ستچھ کی گیند کو کھیلا شاٹ مڈ وکٹ پر موجود حریف کپتان کین ولیم سن کے ہاتھوں کیچ بن گیا۔

یہ رواں سیزن میں تیسرا موقع ہے کہ کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے ہوں۔ پہلے وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف صفر پر آؤٹ ہوئے تھے اور پھر سن رائزرز ہی کے ہاتھوں صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔

یہی نہیں بلکہ یہ اِس سیزن میں کوہلی کا دوسرا گولڈن ڈک ہے، یعنی پہلی ہی گیند پر  انڈا!

گو کہ کوہلی نے گزشتہ ہفتے گجرات ٹائیٹنز کے خلاف نصف سنچری بنا کر خراب کارکردگی کے تسلسل کو توڑ دیا تھا لیکن اب ایک اور صفر نے انہیں مزید پریشان کر دیا ہوگا۔

بہرحال، بنگلور نے یہ مقابلہ ضرور جیت لیا بلکہ بہت اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ 67 رنز کی نمایاں جیت نے ان کے نیٹ رن ریٹ کو کافی فائدہ پہنچایا ہے، جو آگے کام آئے گا۔ البتہ کوہلی کی فارم آر سی بی کے لیے بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔ انہیں آئندہ میچز کے لیے اپنے اہم ترین بیٹسمین سے رنز درکار ہیں اور ان کا بلّا تو گویا رنز بنانا بھول چکا ہے۔