شان مسعود اپریل کے بہترین کھلاڑی قرار

0 1,000

کاؤنٹی چیمپیئن شپ 2022ء میں مسلسل دو ڈبل سنچریاں بنانے پر پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (پی سی اے) نے شان مسعود کو اپریل کے مہینے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔

پاکستان کے لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین نے پی سی اے پلیئر آف دی منتھ کے لیے سب سے زیادہ 129.34 پوائنٹس حاصل کیے۔ یہی نہیں بلکہ عوام بھی ان کے 713 رنز سے بہت متاثر دکھائی دیے اور ان کے 46 فیصد پوائنٹس کے ساتھ وہ سب سے آگے رہے۔

پی سی اے کے نائب سربراہ اور ڈربی شائر کے ساتھی انوج دل نے شان کو اس موقع پر خوبصورت ٹرافی سے نوازا۔

مسعود نے کینٹ کے بین کومپٹن، ہمپشائر کے کیتھ بارکر اور یارکشائر کے ہیری بروک کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

شان مسعود پہلی بار کاؤنٹی چیمپیئن شپ کھیل رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہاں پیش کی گئی کارکردگی انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام حاصل کرنے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ "مارنس لبوشین گلیمورگن کھیلنے کے لیے آئے تھے، سیزن میں 1,200 رنز بنائے اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ میرے لیے ایک مثال ہیں اور میں بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ یہاں بیٹنگ کے بعد اُن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی تھی اور اب وہ ٹیسٹ میں نمبر وَن بیٹسمین ہیں۔ جب آسٹریلیا پاکستان کے دورے پر آیا تھا تو لبوشین سے کافی بات ہوئی تھی۔"

شان نے مسلسل دو میچز میں ڈبل سنچریاں بنانے کے علاوہ تین نصف سنچریاں بھی اسکور کیں، اور 119 کے ناقابلِ یقین اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ اس میں سسیکس کے خلاف کیریئر بیسٹ 239 رنز کی اننگز بھی شامل ہے جس کے بعد انہوں اگلے ہی میچ میں لیسٹرشائر کے خلاف بھی 219 رنز بنائے تھے۔