ہِیٹ وَیو کے دوران پاکستان اور بھارت میں کرکٹ؟
تقریباً دو مہینے کے وقفے کے بعد بالآخر پاکستان کرکٹ ٹیم ایک مرتبہ پھر میدان میں اترنے والی ہے۔ اس مرتبہ ویسٹ انڈیز پاکستان کے دورے پر آئے گا اور جون میں دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
ویسے آپ کو سن کر حیرت نہیں ہوئی؟ جون کے مہینے میں پاکستان میں کرکٹ؟ عموماً سخت گرم موسم کی وجہ سے پاکستان میں یہ آف سیزن ہوتا ہے۔ لیکن بھانت بھانت کی لیگز نے انٹرنیشنل کرکٹ کے شیڈول کا حشر کر دیا ہے۔
خود دیکھ لیں، سال کا آغاز بگ بیش لیگ کے ساتھ، اس کے بعد بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور پاکستان سپر لیگ، پھر انڈین پریمیئر لیگ کے دو مہینے، سال کے وسط میں کیریبیئن پریمیئر لیگ اور پھر انگلینڈ کی دی ہنڈریڈ۔ ابھی تو اس میں سے جنوبی افریقہ کی نئی فرنچائز لیگ بھی شامل ہوگی۔ تو انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے وقت بچا کہاں؟
یہی وجہ ہے کہ اب بین الاقوامی کرکٹ ٹکڑوں میں کھیلی جا رہی ہے۔ پہلے کوئی ٹیم صرف ٹیسٹ کھیلنے کے لیے آتی، دو چار مہینے بعد ون ڈے مرحلے کے لیے دوبارہ قدم رکھتی اور کچھ مزید وقت گزارنے کے بعد باقی ماندہ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے رخ کیا جاتا ہے۔
پاک-ویسٹ انڈیز سیریز بھی ایسی ہی ہے۔ ویسٹ انڈیز دسمبر میں تین ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے پاکستان آیا تھا۔ یعنی آئندہ میچز دراصل باقی ماندہ ون ڈے ہیں جو ویسٹ انڈیز کے پچھلے دورۂ پاکستان میں رہ گئے تھے۔
بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | ||
---|---|---|---|---|
پہلا ون ڈے | پاکستان | ویسٹ انڈیز | راولپنڈی | 8 جون 2022ء |
دوسرا ون ڈے | پاکستان | ویسٹ انڈیز | راولپنڈی | 10 جون 2022ء |
تیسرا ون ڈے | پاکستان | ویسٹ انڈیز | راولپنڈی | 12 جون 2022ء |
پاکستان نے اِن میچز کے لیے راولپنڈی کا انتخاب کیا ہے۔ ایسا شہر جہاں مئی میں ہی ناقابلِ برداشت گرمی پڑ رہی ہے۔ پھر یہ "ہوائی کسی دشمن نے اڑائی" ہے کہ راولپنڈی کے بیک اپ کے طور پر ملتان کا نام بھی زیرِ غور ہے؟ بھئی جون کے مہینے میں ملتان؟ خیریت تو ہے نا؟
ویسے صرف ویسٹ انڈیز ہی کو یہ امتحان درپیش نہیں ہے۔ اُدھر جنوبی افریقہ بھی جون کے مہینے میں بھارت کا دورہ کرے گا۔ اس دورے میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے، جو دلّی، کٹک، وشاکھاپٹنم، راج کوٹ اور بنگلور میں ہوں گے، ایک ایسے وقت میں جب سخت ترین گرمی پڑے گی۔
بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | ||
---|---|---|---|---|
پہلا ٹی ٹوئنٹی | بھارت | جنوبی افریقہ | دلّی | 9 جون |
دوسرا ٹی ٹوئنٹی | بھارت | جنوبی افریقہ | کٹک | 12 جون |
تیسرا ٹی ٹوئنٹی | بھارت | جنوبی افریقہ | وشاکھاپٹنم | 14 جون |
چوتھا ٹی ٹوئنٹی | بھارت | جنوبی افریقہ | راج کوٹ | 17 جون |
پانچواں ٹی ٹوئنٹی | بھارت | جنوبی افریقہ | بنگلور | 19 جون |
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت اس وقت گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے برصغیر کے شہر دنیا کے گرم ترین شہر بنے ہوئے ہیں۔ ایسے میں اس خطے میں کرکٹ کا انعقاد حیران کن بھی ہے اور خطرناک بھی۔