ایک اور گھٹیا تبصرہ، آخر گاوسکر کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟

0 1,001

زیادہ دن نہیں گزرے، شین وارن کی موت پر سنیل گاوسکر کے عجیب تبصرے نے خاصا ہنگامہ کھڑا کیا تھا۔ ان کی وفات کے اگلے ہی روز ایک ٹیلی وژن چینل پر اس سوال پر تبصرہ کر رہے تھے کہ شین وارن عظیم  باؤلر تھے یا مرلی دھرن؟ ایک بے وقوفانہ سوال اور اس پر گاوسکر کا مفصل و بے محل جواب، جو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنا۔ لیکن اب وہ ایک مرتبہ پھر زد میں ہیں۔

دراصل راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلنے والے شمرون ہٹمائر چند روز قبل پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے وطن واپس چلے گئے تھے۔ لیکن گزشتہ روز چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ سے وہ واپس آ گئے ہیں۔ ہٹمائر نے اب تک سیزن میں ملی جلی کارکردگی دکھائی تھی اور اسی کو بنیاد بناتے ہوئے سنیل گاوسکر نے کہا کہ "ہٹمائر کی بیوی نے تو 'ڈلیور' کر دیا ہے، کیا اب وہ بھی رائلز کے لیے 'ڈلیور' کر پائیں گے۔"

اس تبصرے پر ردِ عمل تو آنا تھا اور آیا بھی۔ ماضی میں کچھ ایسا ہی تبصرہ وہ ویراٹ کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما کے حوالے سے کر چکے ہیں۔ آئی پی ایل 2020ء میں گاوسکر نے کمنٹری کے دوران کوہلی کی بیٹنگ کے بارے میں کہا تھا کہ "جب لاک ڈاؤن تھا تو کوہلی نے صرف انوشکا کی باؤلنگ کی پریکٹس کی۔"

تب نہ صرف شائقینِ کرکٹ بلکہ خود انوشکا اور ویراٹ بھی بہت ناراض ہوئے تھے، جس پر گاوسکر کو بڑی وضاحتیں پیش کرنا پڑی تھیں۔ عوام نے مطالبہ کیا تھا کہ گاوسکر کو کمنٹری پینل سے نکالا جائے اور اب ہٹمائر پر طنز کرنے پر بھی یہی مطالبات کیے جا رہے ہیں۔