پاک-ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز، قومی ٹیم کا اعلان ہو گیا

0 881

پاکستان نے آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ جس میں ہمیں شاداب خان ایک مرتبہ پھر نظر آ رہے ہیں، جو زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز نہیں کھیلے تھے۔

‏21 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں سے آصف آفریدی، آصف علی، حیدر علی، سعود شکیل اور عثمان قادر باہر ہوئے ہیں جبکہ عبد اللہ شفیق اور محمد نواز کو برقرار رکھا گیا ہے۔

پاک-ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز اگلے مہینے یعنی جون میں کھیلی جائے گی اور مقابلے راولپنڈی میں طے شدہ ہیں۔ لیکن ملک میں تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامے کو دیکھتے ہوئے پنڈی میں انعقاد مشکل لگ رہا ہے۔ حزبِ اختلاف کی اہم جماعت پاکستان تحریکِ انصاف نے 25 مئی سے اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے جڑواں شہر راولپنڈی بھی بُری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ مقابلے متبادل مقام پر کھیلے جانے کا امکان ہے اور آپ کے خیال میں متبادل کون سا شہر ہوگا؟ جی ہاں! ملتان۔ یعنی عین ممکن ہے کہ یہ سیریز جون کے مہینے میں ملتان میں کھیلی جائے۔ تصور کیجیے، جون کے مہینے میں ملتان میں کرکٹ، وہ بھی ون ڈے؟ 🤦🏽‍♂️

بہرحال، یکم جون سے راولپنڈی میں سیریز کے لیے تربیتی کیمپ شروع ہوگا جس کے لیے تمام کھلاڑی راولپنڈی ہی آئیں گے البتہ حارث رؤف، حسن علی، محمد رضوان اور خود شاداب خان تاخیر سے شرکت کریں گے کیونکہ وہ اس وقت انگلینڈ میں ہیں۔

سیریز کا آغاز 8 جون سے ہونا ہے، جو ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوگی یعنی یہ میچز اگلے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں مددگار ہوں گے اور اسی لیے ان مقابلوں کی اہمیت بھی کافی زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز پہلے ہی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کر چکا ہے، جس میں جیسن ہولڈر، شمرون ہٹمائر اور ایون لوئس جیسے اہم کھلاڑی موجود نہیں ہے۔

پاکستان کا اعلان کردہ اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)،افتخار احمد، امام الحق،حارث رؤف، حسن علی، خوشدل شاہ، زاہد محمود، شاداب خان، شاہنواز ڈاہانی، شاہین آفریدی، عبد اللہ شفیق، فخر زمان، محمد حارث، محمد رضوان، محمد نواز اور محمد وسیم۔

ویسٹ انڈیز کا دورۂ پاکستان 2022ء

بمقابلہبتاریخبمقام
پہلا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز‏8 جون 2022ءراولپنڈی
دوسرا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز ‏10 جون 2022ءراولپنڈی
تیسرا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز ‏12 جون 2022ءراولپنڈی