اور پاک-ویسٹ انڈیز سیریز واقعی ملتان منتقل کر دی گئی

0 684

وہی ہوا جس کا ڈر تھا، پاک-ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز واقعی ملتان منتقل کر دی گئی ہے۔ جی ہاں! یہ سیریز جون کے مہینے میں ملتان میں کھیلی جائے گی۔

ویسٹ انڈیز کے دورۂ پاکستان کا یہ مرحلہ راولپنڈی میں کھیلا جانا تھا جہاں 8 سے 12 جون تک تین ون ڈے انٹرنیشنلز ہوتے لیکن جڑواں شہروں میں سیاسی کشیدگی اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران غیر یقینی کیفیت کی وجہ سے سیریز کو کسی دوسرے شہر منتقل کرنا ضروری تھا، اور "نظرِ انتخاب" ملتان پر پڑی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ سیریز پہلے سے طے شدہ دنوں پر ہی کھیلی جائے گی اور ہر میچ کا آغاز شام 4 بجے ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کا صوبہ پنجاب اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ اگلے ہفتے کے دوران ملتان میں درجہ حرارت 45 درجہ سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان جو کھیل تو درکنار روزمرہ سرگرمیوں کے لیے بھی ناقابلِ برداشت ہے۔

ویسے موسم تو راولپنڈی بلکہ لاہور میں بھی کچھ ایسا ہی ہے، البتہ کراچی میں صورت حال قدرے بہتر ہے۔ رواں ہفتے ساحلی شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔ پھر اس وقت کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز سیریز بھی کھیلی جا رہی ہے۔

بہرحال، پاک-ویسٹ انڈیز سیریز دونوں ملکوں کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے کیونکہ یہ کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے یعنی یہ میچز آئندہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں مدد دیں گے۔ تو اس سیریز کا جون کے مہینے میں منعقد ہونا، جو ویسے پاکستان کا آف سیزن ہوا کرتا تھا، پھر ملتان میں ہونا، باعثِ تشویش ہے۔

ویسے ملتان میں پاکستان نے آخری مرتبہ کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ 2008ء میں کھیلا تھا جب پاک-بنگلہ دیش سیریز کا چوتھا ون ڈے یہاں منعقد ہوا تھا۔ اس کے بعد سے اب تک 14 سال کے دوران ملتان میں کوئی بین الاقوامی مقابلہ نہیں ہوا۔ تو ایک لحاظ سے یہ اچھی خبر بھی ہے لیکن گرمی کا کیا کریں صاحب؟

ویسٹ انڈیز کا دورۂ پاکستان 2022ء

بمقابلہبتاریخبمقامبوقت
پہلا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز‏8 جون 2022ءملتان‏4 بجے شام
دوسرا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز ‏10 جون 2022ءملتان ‏4 بجے شام
تیسرا ون ڈے پاکستان ویسٹ انڈیز ‏12 جون 2022ءملتان ‏4 بجے شام