پاکستان ویمنز کا ون ڈے میں بھی فاتحانہ آغاز

0 659

سدرہ امین اور بسمہ معروف کی زبردست ساجھے داری اور غلام فاطمہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا ویمنز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی شکست دے دی ہے۔

کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری سیریز اب ون ڈے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ میچز 2022ء سے 2025ء تک کی آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کا حصہ ہوں گے، جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کر کے ابتدائی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے ہیں۔

سری لنکا ویمنز کا دورۂ پاکستان 2022ء - پہلا ون ڈے

پاکستان بمقابلہ سری لنکا

یکم جون 2022ء

ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی

نتیجہ: پاکستان 8 وکٹوں سے جیت گیا

سری لنکا ویمنز169
کاویشا دلہاری49*50
پرسادنی ویراکڈی3044
پاکستان باؤلنگامرو
غلام فاطمہ102214
فاطمہ ثنا7.50242

پاکستان ویمنز 🏆170-2
سدرہ امین76119
بسمہ معروف62*101
سری لنکا باؤلنگامرو
اچینی کلاسیریا52131
اوشادی راناسنگھے8.50351

ٹی ٹوئنٹی میں کلین سویپ شکست کھانے کے بعد سری لنکا نے ون ڈے سیریز کا آغاز بھی ٹاس جیت کر اور خود پہلے بیٹنگ کر کے کیا، اور پھر وہی پرانی کہانی! مڈل آرڈر میچ پر اپنی گرفت مضبوط نہ کر سکا اور اسکور بورڈ پر اتنے رنز ہی جمع نہ ہو سکے کہ پاکستان کو روک پاتا۔

‏96 رنز تک سری لنکا کی تین بلے باز آؤٹ ہوئی تھیں، لیکن اس کے بعد جس طرح میچ پر گرفت حاصل کرنی چاہیے تھی، وہ حاصل نہ ہو پائی۔ اسی اسکور پر صرف سری لنکا کی ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین وکٹیں گریں۔ پہلے نیلاکشی ڈی سلوا سعدیہ اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوئیں اور پھر اگلے اوور میں غلام فاطمہ نے مسلسل دو گیندوں پر پرسادنی ویراکودی اور پھر اوشادی راناسنگھے کو آؤٹ کر کے تہلکہ مچا دیا۔

اگر یہاں کاویشا دلہاری ایک اینڈ سے ڈٹ نہ جاتیں تو سری لنکا کبھی 150 کا ہندسہ عبور نہ کر پاتا۔ انہوں نے 50 گیندوں پر 49 رنز کی ایک عمدہ اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے انہیں کسی کا ساتھ میسر نہیں آ سکا۔ یہاں تک کہ 48 ویں اوور میں پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔

غلام فاطمہ پاکستان کی سب سے نمایاں باؤلر رہیں کہ جنہوں نے اپنے 10 اوورز میں صرف 21 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو، دو کھلاڑیوں کو سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے آؤٹ کیا۔

ویسے پاکستان کو آغاز ہی میں منیبہ علی کا نقصان اٹھانا پڑا لیکن اگلی شراکت داری سے سارے غم دُور کر دیے۔ سدرہ امین اور بسمہ معروف کے مابین ایک بہت طویل پارٹنرشپ ہوئی، جو منزل تک پہنچنے ہی والی تھی کہ سدرہ آؤٹ ہو گئیں۔ انہوں نے 119 گیندوں پر 76 رنز بنائے اور اُس وقت آؤٹ ہوئیں جب ہدف صرف دو رنز دُور تھا۔

بسمہ معروف نے ایک اور کیپٹن اننگز کھیلی اور 101 گیندوں پر 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ میدان سے واپس آئیں۔

اب دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون ڈے جمعے کو کھیلا جائے گا، جہاں سری لنکا کے پاس سیریز میں شکست سے بچنے آخری موقع ہوگا۔