شکیب کو پھر کپتان بنا دیا گیا

0 887

بنگلہ دیش کرکٹ ایک مرتبہ پھر کپتانی کے مسئلے میں پھنس چکی ہے۔ اس سے اندازہ لگائیں شکیب الحسن کو تیسری مرتبہ کپتان بنا دیا گیا ہے۔

یہ تازہ ترین بحران مومن الحق کے استعفے سے پیدا ہوا ہے، جن کی قیادت میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں بُری طرح شکست کھائی۔ یہی نہیں بلکہ ان کی کپتانی میں بنگلہ دیش نے 12 ٹیسٹ میچز میں شکست کا منہ دیکھا اور صرف 3 میں فتح حاصل کی۔

کپتانی کے بوجھ کی وجہ سے خود مومن الحق کی اپنی کارکردگی بھی بہت مایوس کن رہی۔ رواں سال 6 ٹیسٹ میچز میں انہوں نے صرف 16.20 کے اوسط سے 162 رنز بنائے ہیں۔ یہ وہی مومن الحق ہیں جنہوں نے 2013ء میں کرکٹ میں دھماکا خیز انٹری کی تھی اور پہلے سال 83.42 کے اوسط سے رنز بنائے تھے جبکہ ایک زمانے میں یہ ڈان بریڈمین کے بعد سب سے زیادہ ٹیسٹ ایوریج رکھنے والے بیٹسمین تھے۔ دیکھتے ہیں، قیادت چھوڑنے کا فیصلہ ان کی بیٹنگ پر کتنا اثر انداز ہوتا ہے؟

شکیب الحسن پہلی بار 2009ء میں ٹیسٹ کپتان بنائے گئے تھے اور بعد ازاں انہیں قیادت سے ہٹا دیا گیا۔ 2017ء میں انہیں دوبارہ کپتانی سونپی گئی، یہاں تک کہ 2019ء میں ان پر ایک سال کی پابندی لگی اور یوں قیادت بھی گئی۔

اب اس تیسرے دور میں شکیب کا پہلا امتحان دورۂ ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ بنگلہ دیش رواں مہینے دو ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے ویسٹ انڈیز روانہ ہوگا۔