سری لنکا ویمنز کی آخری مقابلے میں پہلی کامیابی

0 738

بالآخر جاتے جاتے سری لنکا ویمنز کو پہلی کامیابی مل ہی گئی۔ کپتان چماری اتاپتھو کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ 93 رنز کے بڑے مارجن سے جیتا۔ پاکستان نے سیریز ‏2-1 سے جیتی، لیکن آخری میچ میں اتاپتھو نے دل جیت لیے۔

ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی میں سری لنکا کے یادگار دورۂ پاکستان کا آخری مقابلہ مہمان ٹیم کے ٹاس جیتنے کے ساتھ شروع ہوا۔ سری لنکا نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جب پہلے ہی اوور میں ہسینی پیریرا کا رن آؤٹ ہوا اور اگلے اوور میں ہنسیما کرونارتنے بھی وکٹ دے گئیں تو لگ رہا تھا ایک مرتبہ پھر پچھلے میچز کی داستان دہرائی جائے گی۔ لیکن یہاں پر کپتان چماری اتاپتھو اور ہرشیتھا مداوی نے کمال کر دیا۔ دونوں نے تیسری وکٹ پر 152 رنز کی بڑی پارٹنرشپ بنا ڈالی۔

اتاپتھو نے اپنے ون ڈے کیریئر کی چھٹی سنچری بنائی اور صرف 85 گیندوں پر 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 13 چوکے شامل تھے۔ دوسرے اینڈ سے ہرشیتھا نے نسبتاً سست اننگز کھیلی جنہوں نے 128 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔

ان دونوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 260 رنز جوڑنے میں کامیاب رہا۔

سری لنکا ویمنز کا دورۂ پاکستان 2022ء - تیسرا ون ڈے

پاکستان بمقابلہ سری لنکا

‏6 جون 2022ء

ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی

نتیجہ: سری لنکا 93 رنز سے جیت گیا

سیریز ‏2-1 سے پاکستان کے نام رہی

سری لنکا ویمنز 🏆 260-7
چماری اتاپتھو10185
ہارشیتھا مداوی75128
پاکستان باؤلنگامرو
انعم امین101432
فاطمہ ثنا90391

پاکستان ویمنز167
عالیہ ریاض5682
عمیمہ سہیل4061
سری لنکا باؤلنگامرو
چماری اتاپتھو61202
اوشادی راناسنگھے70292

سیریز میں اب تک شاندار کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ویمنز کا اب بڑا امتحان تھا، کیونکہ 261 رنز کا ہدف بہت بڑا تھا۔ پھر ان کا سامنا اتاپتھو سے تھا، وہ جس چیز کو ہاتھ لگا رہی تھیں، آج وہ سونا بن رہی تھی۔ پاکستانی اوپنرز کے شاندار آغاز کو انہوں نے ہی بریک لگائے۔ انہوں نے پہلے سدرہ امین کو آؤٹ کیا اور اگلے ہی اوور میں منیبہ علی کو رن آؤٹ کر کے ثابت کیا کہ آج اُن کا دن ہے۔ یہی نہیں بلکہ بعد میں اتاپتھو نے ندا ڈار کی قیمتی وکٹ بھی حاصل کی۔ جس کے ساتھ پاکستان 48 رنز پر ہی چار وکٹوں سے محروم ہو گیا۔ تب تک اِن فارم کپتان بسمہ معروف بھی آؤٹ ہو چکی تھیں یعنی صرف یہ طے ہونا باقی رہ گیا تھا کہ پاکستانی کتنے رنز سے ہارے گا۔

عمیمہ سہیل (56 رنز) اور عالیہ ریاض (40 رنز) نے شکست کے مارجن کو کم سے کم تر کرنے کی پوری کوشش کی لیکن بالآخر 42 ویں اوور میں جا کر پاکستانی اننگز کا خاتمہ ہو گیا، صرف 167 رنز پر۔

پلیئر آف دی میچ اتاپتھو کے سوا کس کو ملنا تھا؟ وہی میچ کی بہترین کھلاڑی رہیں جبکہ سدرہ امین کو سیریز کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز ‏3-0 سے جیتی تھی جبکہ ون ڈے سیریز میں آخری میچ میں ناکامی کی وجہ سے اسے ‏2-1 پر اکتفا کرنا پڑا۔