ملتان کا میدان اور پاکستان کا امتحان

0 1,001

شہرِ ملتان، جس کی چار شہرۂ آفاق "سوغاتوں" میں سے ایک سخت گرمی ہے، پاک-ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز کا میزبان ہے۔ بدھ 8 جون سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں تین ون ڈے انٹرنیشنلز کھیلے جائیں گے جس کے لیے دونوں ٹیموں شہر پہنچ چکی ہیں، انعامی ٹرافی کی رونمائی بھی ہو چکی ہے اور اب سب کی نظریں اُس میدان پر ہیں جو پاکستان کے دیگر کرکٹ میدانوں کے مقابلے میں نسبتاً نیا ہے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ اگست 2001ء میں ایک ٹیسٹ میچ کی صورت میں کھیلا گیا تھا، یعنی یہ اکیسویں صدی کا اسٹیڈیم ہے۔ اس میں 35 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے یعنی یہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم سے بھی بڑا میدان ہے۔

اس میدان پر پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 2003ء میں کھیلا گیا تھا اور تب سے اب تک اس نے محض 7 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کی ہے۔ یہاں آخری میچ کے انعقاد کو بھی 14 سال کا طویل عرصہ بیت چکا ہے۔ اس کی وجہ ہر گز یہ نہیں کہ ملتان سے کسی کی کوئی خاص دشمنی ہے، بلکہ یہ وہ دَور ہے جس میں پورا پاکستان کئی سالوں تک بین الاقوامی کرکٹ سے محروم رہا۔

بہرحال، ملک میں واپس آتی انٹرنیشنل کرکٹ بالآخر اب ملتان بھی پہنچ گئی ہے، جہاں بدھ کو اپریل 2008ء کے بعد کوئی پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔

تاریخ پر نظر دوڑائیں تو پاکستان نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں اب تک 7 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جن میں فروری 2006ء کا یادگار پاک-بھارت مقابلہ بھی شامل تھا، جو یہاں کھیلا گیا پہلا ڈے اینڈ نائٹ میچ بھی تھا۔ بہرحال، پاکستان موقع کی مناسبت سے شایانِ شان کارکردگی نہیں دکھا سکا اور پوری ٹیم صرف 161 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ 'ملتان کے سلطان' انضمام الحق نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے۔ بہرحال، اس ہدف کا دفاع کرنا تقریباً ناممکنات میں سے تھا، اس لیے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ان مقابلوں میں سے پاکستان نے چار میچز جیتے، دو بنگلہ دیش اور دو زمبابوے کے خلاف اور باقی تین میں بھارت کے علاوہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز سے بھی شکست کھائی۔ جی ہاں! ویسٹ انڈیز یہاں پہلے بھی ایک میچ کھیل چکا ہے، جب 2006ء کے اواخر میں برائن لارا الیون نے یہاں ایک ون ڈے کھیلا تھا اور زبردست کامیابی بھی حاصل کی تھی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میچز

بمقابلہفتح/شکست کا مارجنبتاریخ
پاکستان 🏆 بنگلہ دیش‏137 رنز‏9 ستمبر 2003ء
پاکستان 🏆 زمبابوے‏144 رنز‏30 ستمبر 2004ء
پاکستان بھارت 🏆‏5 وکٹ‏16 فروری 2006ء
پاکستان ویسٹ انڈیز 🏆‏7 وکٹ‏13 دسمبر 2006ء
پاکستان جنوبی افریقہ 🏆‏7 وکٹ‏26 اکتوبر 2007ء
پاکستان 🏆 زمبابوے‏37 رنز‏27 جنوری 2008ء
پاکستان 🏆 بنگلہ دیش‏7 وکٹ‏16 اپریل 2008ء

ویسے آپ حیران تو ضرو ر ہو رہے ہوں گے کہ پاکستان میں جہاں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ بلکہ کوئٹہ تک انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کر چکے ہیں، وہاں ملتان جیسا بڑا اور اہم شہر آخر 2001ء تک انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم کیسے رہا؟ تو غلط فہمی دُور کر لیجیے، ہم صرف ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی بات کر رہے تھے، شہر ملتان کی نہیں۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے پہلے اس شہر میں کرکٹ کا مرکز باغِ ابن قاسم اسٹیڈیم ہوتا تھا۔ جہاں دسمبر 1980ء میں پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا گیا تھا۔ یہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ایک ٹیسٹ تھا، بلکہ اس میدان پر کھیلا گیا آج تک کا واحد ٹیسٹ بھی ہے۔ البتہ 1982ء سے 1994ء کے دوران پاکستان نے باغِ ابن قاسم میں چھ مزید ون ڈے انٹرنیشنل ضرور کھیلے۔ پاکستان نے ان میں سے تین میں کامیابی حاصل کی اور باقی ماندہ مقابلوں میں ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا اور سری لنکا کے ہاتھوں شکست کھائی۔

باغِ ابن قاسم میں آخری انٹرنیشنل میچ 1994ء میں آسٹریلیا کے تاریخی دورۂ پاکستان میں کھیلا گیاتھا، جس میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

باغِ ابنِ قاسم اسٹیڈیم،ملتان میں کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میچز

بمقابلہفتح/شکست کا مارجنبتاریخ
پاکستان 🏆 بھارت‏37 رنز‏17 دسمبر 1982ء
پاکستان 🏆 نیوزی لینڈ ‏1 وکٹ‏7 دسمبر 1984ء
پاکستان ویسٹ انڈیز 🏆‏89 رنز‏17 نومبر 1986ء
پاکستان 🏆 ویسٹ انڈیز ‏31 رنز‏13 نومبر 1990ء
پاکستان سری لنکا 🏆‏4 وکٹ‏17 جنوری 1992ء
پاکستان آسٹریلیا 🏆‏7 وکٹ‏14 اکتوبر 1994ء

اب دیکھنا یہ ہے کہ اس تاریخی سیریز میں کامیابی پاکستان کو نصیب ہوتی ہے یا ویسٹ انڈیز پاکستان اور ملتان دونوں کو زیر کرنے میں کامیاب ہوتا ہے۔