متھالی راج ریٹائرڈ، ویمنز کرکٹ میں اک عہد کا اختتام

0 1,000

ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز، 19 سال پر محیط طویل ترین کیریئر، بحیثیتِ کپتان سب سے زیادہ میچز، سب سے کم عمر میں ٹیسٹ ڈبل سنچری اور انٹرنیشنل کیریئر میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں، یہ سب ریکارڈ صرف ایک کھلاڑی کے پاس ہیں، بھارت کی کپتان متھالی راج، جنہوں نے آج انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

صرف 22 سال کی عمر میں بھارت کی قیادت سنبھالنے والی متھالی نے اپنے کیریئر میں ‏12 ٹیسٹ، 232 ون ڈے اور 89 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے متھالی راج نے کہا کہ

ایک سفر تمام ہوا، اب ایک اور سفر کا آغاز ہے۔ میں چاہوں گی کہ کسی نہ کسی طرح اپنے پسندیدہ کھیل سے جڑی رہوں اور بھارت میں اور دنیا بھر میں ویمنز کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کروں

متھالی کے کیریئر کی سب سے نمایاں جھلک ہے ان کا ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر، جس میں انہوں نے 7 سنچریوں اور 50.68 کے اوسط کے ساتھ ریکارڈ 7,805 رنز بنائے۔ رواں سال کھیلا گیا ویمنز ورلڈ کپ 2022ء وہ آخری ٹورنامنٹ تھا کہ جس میں متھالی نے بھارت کی نمائندگی کی۔

متھالی راج کے انٹرنیشنل کیریئر پر ایک نظر

فارمیٹمیچزرنزبہترین اننگزاوسط10050
ٹیسٹ1269921443.6814
ون ڈے2327805125*50.68764
ٹی ٹوئنٹی89236497*37.52017

اس کے علاوہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 43.68 کے اوسط سے 699 رنز بھی بنائے جبکہ 89 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھی 17 نصف سنچریوں کی مدد سے 2364 رنز بنائے۔ یوں انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 ہزار سے زیادہ رنز بنائے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی واحد بلے باز ہیں۔

متھالی نے جون 1999ء میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور صرف 16 سال کی عمر میں پہلے ہی میچ میں ناقابلِ شکست 114 رنز بنائے اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اُن کے دور میں بھارت 2005ء اور 2017ء میں ورلڈ کپ فائنل تک پہنچا، البتہ دونوں بار کامیابی حاصل نہیں کر پایا۔

بھارت نے انہیں 2003ء میں ارجن ایوارڈ اور 2015ء میں پدم شری سے بھی نوازا۔