جو روٹ کی نظریں اب ورلڈ نمبر وَن بیٹسمین بننے پر
انگلینڈ کے جو روٹ کی نظریں ایک مرتبہ پھر ورلڈ نمبر وَن بیٹسمین بننے پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں فاتحانہ اننگز نے انہیں اپنا کھویا ہوا اعزاز حاصل کرنے کا بہترین موقع دیا ہے اور وہ دو درجے ترقی پا کر دوسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں روٹ کی 115 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کئی لحاظ سے یادگار تھی۔ ایک تو انگلینڈ کو ٹیسٹ جتوایا، جو آج کل اس کے لیے ذرا مشکل کام بنا ہوا ہے۔ پھر اس دوران اپنے 10 ہزار ٹیسٹ رنز بھی مکمل کیے اور انہیں ورلڈ نمبر وَن بیٹسمین مارنس لبوشین سے صرف 10 پوائنٹس کے فاصلے پر بھی لے آئی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اگلے ٹیسٹ میں ہو سکتا ہے یہ فرق مزید کم ہو جائے کیونکہ جو روٹ اس وقت بھرپور فارم میں ہیں۔
ویسے ٹیسٹ کرکٹ کے ٹاپ 5 بلے بازوں کی درجہ بندی میں دیگر تبدیلیاں بھی آئی ہیں۔ مثلاً آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے چوتھی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن لارڈز ٹیسٹ میں ناکامی کی وجہ سے دو درجے تنزلی کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بلے بازوں کی درجہ بندی
پوزیشن | تبدیلی | بلے باز | ریٹنگ |
---|---|---|---|
1 | - | مارنس لبوشین | 892 |
2 | +2 | جو روٹ | 882 |
3 | -1 | اسٹیو اسمتھ | 845 |
4 | +1 | بابر اعظم | 815 |
5 | -2 | کین ولیم سن | 806 |
6 | - | دیموتھ کرونارتنے | 772 |
7 | - | عثمان خواجہ | 757 |
8 | - | روہت شرما | 754 |
9 | - | ٹریوس ہیڈ | 744 |
10 | - | ویراٹ کوہلی | 742 |
دوسری جانب باؤلرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں بھی تبدیلیاں آئی ہیں۔ لارڈز ٹیسٹ میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن دو درجہ ترقی کے ساتھ اب دنیا کے تیسرے بہترین باؤلر بن گئے ہیں۔ ان کی ترقی کی وجہ سے بھارت کے جسپریت بمراہ اور پاکستان کے شاہین آفریدی ایک، ایک درجے نیچے گئے ہیں، البتہ وہ اب بھی ٹاپ 5 میں موجود ہیں۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹرک کمنز بدستور دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ باؤلر ہیں اور انہیں اپنے قریبی ترین حریف بھارت کے روی چندر آشون پر 51 پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں باؤلرز کی درجہ بندی
پوزیشن | تبدیلی | بلے باز | ریٹنگ |
---|---|---|---|
1 | - | پیٹ کمنز | 901 |
2 | - | روی چندر آشون | 850 |
3 | +2 | کائل جیمیسن | 836 |
4 | -1 | جسپریت بمراہ | 830 |
5 | -1 | شاہین آفریدی | 827 |
6 | - | کاگیسو رباڈا | 818 |
7 | +2 | جیمز اینڈرسن | 772 |
8 | -1 | ٹم ساؤتھی | 769 |
9 | -1 | نیل ویگنر | 769 |
10 | - | جوش ہیزل ووڈ | 752 |