کلاسن کی کلاس، بھارت پھر ہار گیا

0 1,000

دن بدلا، میدان بدلا لیکن نہیں بدلی تو بھارت کی حالت نہیں بدلی۔ کٹک میں 45 ہزار تماشائیوں کے سامنے جنوبی افریقہ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں اپنی برتری ‏2-0 کر لی ہے۔

ٹاس جنوبی افریقہ کے کپتان تمبا باووما نے جیتا اور پہلے خود باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت کا آغاز کچھ خاص نہیں تھا، پہلے اوور میں رتوراج گائیکواڑ کی وکٹ کا نقصان ہوا اور نصف یعنی 10 اوورز مکمل ہونے سے پہلے ایشان کشن اور قائم مقام کپتان رشبھ پنت بھی پویلین سدھار چکے تھے۔ اسکور بورڈ پر موجود تھے صرف 71 رنز اور میدان میں آئے تجربہ کار اور عرصہ بعد ٹیم میں واپس آنے والے دنیش کارتک۔

ویسے تو ہاردِک پانڈیا سے بھی غیر معمولی کارکردگی کی توقع تھی لیکن وہ دہرے ہندسے میں بھی نہ جا سکے۔ بلکہ سوائے کارتک کے کوئی کچھ نہیں کر سکا، جو 21 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ واپس آئے۔

بھارت آخری چار اوورز میں 36 رنز کا اضافہ کر کے بمشکل 148 رنز پر پہنچا، جو جنوبی افریقہ کو روکنے کے لیے کافی نہیں تھے۔

جنوبی افریقہ کا دورۂ بھارت 2022ء - دوسرا ٹی ٹوئنٹی

بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ

نتیجہ: جنوبی افریقہ 4 وکٹوں سے جیت گیا

بھارت 148-6
شریاس آیر4035
دنیش کارتک30*21
جنوبی افریقہ باؤلنگامرو
انریک نورتیے40362
کاگیسو رباڈا40151

جنوبی افریقہ 🏆149-6
انریک کلاسن8146
تمبا باووما3530
بھارت باؤلنگامرو
بھوونیشوَر کمار40134
ہرشل پٹیل30171

ویسے جنوبی افریقی اننگز میں اس وقت سنسنی دوڑ گئی تھی جب پاور پلے میں ہی جنوبی افریقہ اپنے تین بلے بازوں سے محروم ہو گیا۔ آج کھلائے گئے ریزا ہینڈرکس بُری طرح ناکام ہوئے اور پہلے ہی اوور میں وکٹ دے گئے۔ کچھ ہی دیر میں ڈیوین پریٹوریئس کی وکٹ گئی اور پھر پاور پلے کے آخری اوور میں رسی وان ڈیر ڈوسن بھی، جو جنوبی افریقہ کے لیے بڑا دھچکا ہو سکتا تھا۔

لیکن یہاں پر کھیلنے کے لیے آئے انریک کلاسن، وہ کہ جنہیں کوئنٹن ڈی کوک کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم میں جگہ ملی تھی، انہوں نے ثابت کیا کہ وہ اس کے حقدار بھی تھے۔ کپتان باووما کے ساتھ مل کر وہ اسکور کو 93 رنز تک لائے، جہاں باووما 35 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

کلاسن نے صرف 46 گیندوں پر 81 رنز کی تباہ کن اننگز کھیلی۔ انہوں نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ چہل کے ایک اوور میں 23 رنز بھی لوٹے۔ یہ اننگز کا 16 واں اوور تھا، جس میں ملر نے ایک اور کلاسن نے دو چھکے لگائے اور بھارت کی مقابلے میں واپس آنے کی آخری امید بھی ختم کر دی۔

بالآخر 19 ویں اوور میں ڈیوڈ ملر نے میچ کا خاتمہ کر دیا۔ جنوبی افریقہ کی چھ وکٹیں ضرور گریں لیکن وہ مقابلہ بغیر کسی پریشانی کے جیتا۔

بھارت کی جانب سے بھوونیشوَر نے اپنے چار اوورز میں صرف 13 رنز دیے اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا لیکن ان کی یہ عمدہ باؤلنگ بھی بھارت کی نیّا پار نہ لگا سکی۔

کلاسن کو کیریئر بیسٹ اننگز کی بدولت میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

اب بھارت کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں۔ پانچ میچز کی سیریز میں اگر وہ اب ایک مقابلہ بھی ہارا تو سیریز ہاتھ سے نکل جائے گی۔