اننگز میں چھ کھلاڑی صفر پر آؤٹ، بنگلہ دیش کا نیا ریکارڈ

0 948

زیادہ دن نہیں گزرے کہ بنگلہ دیش اپنی ہی سرزمین پر سری لنکا کے خلاف ایک ایسا ریکارڈ بنا بیٹھا تھا، جو دنیا کی کوئی ٹیم نہیں بنانا چاہے گی: ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کا صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ۔ مقابلہ بچانے کی تو بڑی کوششیں ہوئیں لیکن آخر میں میچ کے ساتھ سیریز میں بھی شکست ہو گئی۔

خیر، رات گئی، بات گئی! بنگلہ دیش ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے دورے پر پہنچا۔ لیکن یہ کیا؟ یہاں پہلے ہی ٹیسٹ میں پھر وہی حال؟ پہلی ہی اننگز میں چھ کھلاڑی صفر پر آؤٹ، یوں بنگلہ دیش تاریخ میں پہلی ٹیم بن گیا ہے جس نے مسلسل دو ٹیسٹ میچز میں ایک اننگز میں چھ کھلاڑیوں کے صفر پر آؤٹ ہونے کی ہزیمت اٹھائی ہو۔ یہی نہیں بلکہ وہ مجموعی طور پر تین مرتبہ یہ "کارنامہ" انجام دے چکا ہے۔ یعنی حد ہی ہوگئی!

دورۂ ویسٹ انڈیز کا اس سے بھیانک آغاز ہو نہیں سکتا تھا۔ نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگا کے سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو کھیلنے کی دعوت دی، جو 33 ویں اوور میں محض 103 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان 103 میں سے بھی 51 رنز شکیب الحسن کے اور 29 رنز تمیم اقبال کے ہیں، اگر "فاضل بھائی" کے 6 رنز بھی شامل کر لیں تو صرف 17 رنز بچتے ہیں جو بنگلہ دیش کے 9 بلے بازوں نے مل کر بنائے ہیں۔

اس اننگز میں محمود الحسن، نجم الحسین اور مومن الحق جیسے بلے باز بھی صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ آخر میں وکٹ کیپر نور الحسن، مستفیض الرحمٰن اور خالد احمد نے بھی صفر کی ہزیمت اٹھائی۔

ایک اننگز میں چھ بلے بازوں کا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو جانا ایک عالمی ریکارڈ ہے لیکن یہ "حرکت" مختلف زمانوں میں مختلف ٹیموں سے سرزد ہوئی ہے۔ سب سے پہلے یہ ٹیم پاکستان تھی کہ جو دسمبر 1980ء میں اپنے قلعے کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف صرف 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ اس میچ کی پہلی اننگز میں شفیق احمد اور صادق محمد کے بعد ماجد خان، اعجاز فقیہ، اقبال قاسم اور محمد نذیر سب صفر پر ہی پویلین لوٹے۔ البتہ پاکستان ویسٹ انڈیز کو 169 رنز پر محدود کر کے میچ بچانے میں ضرور کامیاب ہو گیا تھا۔

اس کے بعد 1996ء سے 2022ء تک جنوبی افریقہ، بھارت اور نیوزی لینڈ کے علاوہ بنگلہ دیش تین مرتبہ یہ مایوس کُن صورت حال دیکھ چکا ہے۔ ان تمام مقابلوں میں واحد ٹیم پاکستان ہے جو مقابلہ بچانے میں کامیاب ہوئی، باقی سب کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دیکھتے ہیں بنگلہ دیش اس صورت حال سے نکل پاتا ہے یا پچھلے مقابلے کی طرح دامن میں شکست ہی آتی ہے۔

ایک اننگز صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ تعداد

ٹیماسکورصفراننگزنتیجہبمقابلہبمقامبتاریخ
پاکستان1286پہلیڈرا ویسٹ انڈیزکراچیدسمبر 1980ء
جنوبی افریقہ1056چوتھیشکست بھارتاحمد آبادنومبر 1996ء
بنگلہ دیش876تیسریشکست ویسٹ انڈیزڈھاکادسمبر 2002ء
بھارت1526پہلیشکست انگلینڈمانچسٹراگست 2014ء
نیوزی لینڈ906دوسریشکست پاکستاندبئینومبر 2018ء
بنگلہ دیش3656پہلیشکست سری لنکامیرپورمئی 2022ء
بنگلہ دیش1036پہلیمقابلہ جاری ویسٹ انڈیزنارتھ ساؤنڈجون 2022ء