نسانکا کی سنچری، سری لنکا کی شاندار کامیابی

0 602

سری لنکا نے مسلسل دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل جیت کر آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ‏2-1 کی برتری حاصل کر لی ہے یعنی اب ایک تاریخی کامیابی کے لیے اسے سیریز میں صرف ایک فتح درکار ہے۔

کولمبو کے راناسنگھے پریماداسا اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے میزبان کو 292 رنز کا ہدف دیا، لیکن سری لنکا کو روکنے کے لیے اتنے رنز کافی ثابت نہیں ہوئے۔ پاتھم نسانکا کی شاندار سنچری اور کوسال مینڈس کی عمدہ بلے بازی کے بعد سری لنکا آخری اوور سے پہلے ہی ہدف تک پہنچ گیا۔

آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا 2022ء - تیسرا ون ڈے

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا

نتیجہ: سری لنکا 6 وکٹوں سے جیت گیا

آسٹریلیا291-6
ٹریوس ہیڈ70*65
آرون فنچ6285
سری لنکا باؤلنگامرو
جیفری ویندرسے100493
دھاننجیا ڈی سلوا60351

سری لنکا 🏆292-4
پاتھم نسانکا137147
کوسال مینڈس8785
آسٹریلیا باؤلنگامرو
جائی رچرڈسن90392
گلین میکسویل70441

نسانکا نے 147 گیندوں پر 137 رنز بنائے، جن میں 11 چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے جبکہ کوسال مینڈس نے 85 گیندوں پر 87 رنز اسکور کیے۔ دونوں نے دوسری وکٹ پر 170 رنز کا اضافہ کیا اور اسکور کو 212 رنز تک پہنچا دیا۔ یہاں پر مینڈس زخمی ہونے کی وجہ سے میدان سے واپس آئے، یعنی  اپنی تیسری ون ڈے سنچری سے محروم رہ گئے۔

ویسے سری لنکا کو 48 ویں اوور میں ہدف کے بہت قریب نسانکا اور ڈاسن شناکا کی وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا، جس کی وجہ سے فتح چھ وکٹوں تک محدود رہ گئی، ورنہ یہ کامیابی 8 وکٹوں کی ہوتی۔

قبل ازیں، آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی ایک اور ناکامی کے بعد معاملات کافی حد تک سنبھال لیے تھے۔ خاص طور پر کپتان آرون فنچ ایک اینڈ سے 27 ویں اوور تک جمے رہے۔ انہوں نے 85 گیندوں پر 62 رنز بنائے۔ البتہ مچل مارش اور مارنس لبوشین کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھا پائے، جس کا آسٹریلیا کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔

‏40 اوورز کا کھیل مکمل ہونے تک آسٹریلیا 193 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم ہو چکا تھا۔ ایلکس کیری 52 گیندوں پر 49 رنز بنا کر پانچویں وکٹ بنے تھے۔ یہاں ٹریوس ہیڈ اور گلین میکسویل نے زبردست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو 291 رنز تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

ٹریوس ہیڈ نے65 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 70 رنز بنائے اور میکسویل 18 گیندوں پر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخری 10 اوورز میں 98 رنز کے اضافے سے آسٹریلیا 291 رنز تک پہنچ گیا، جو ایک قابلِ ذکر اسکور لگتا تھا، لیکن سری لنکا کے خلاف کافی ثابت نہیں ہوا۔

بہرحال، سیریز میں اب بھی دو میچز باقی ہیں، آسٹریلیا کو دونوں جیتنے ہیں ورنہ وہ پاکستان کے بعد سری لنکا میں بھی ون ڈے سیریز ہار جائے گا۔