[ریکارڈز] زیرو کا ہیرو کون؟
بنگلہ دیش کے دورۂ ویسٹ انڈیز کا آغاز پہلے ٹیسٹ میں ہی بُری طرح ناکامی کے ساتھ ہوا ہے۔ مسلسل دو ٹیسٹ میچز میں ایک اننگز میں چھ بلے بازوں کا صفر پر آؤٹ ہونا ظاہر کرتا ہے کہ بنگلہ دیش ٹیسٹ کرکٹ کے مسائل بہت گہرے ہیں۔
نارتھ ساؤنڈ میں صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونے والوں میں بنگلہ دیش کے باؤلر خالد احمد بھی شامل تھے جو پہلی اننگز میں تو صفر پر آؤٹ ہی ہو گئے البتہ دوسری میں خوش قسمت تھے کہ ٹیم ان سے پہلے ہی آل آؤٹ ہو گئی اور وہ صفر کے ساتھ ناقابلِ شکست میدان سے واپس آئے۔
یہ مسلسل گیارہویں اننگز تھی کہ جس میں خالد احمد ایک رن تک نہیں بنا پائے۔ انہوں نے اب تک 8 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، جن کی 13 اننگز میں صرف 4 رنز بنائے ہیں۔
فروری 2019ء نیوزی لینڈ کے خلاف ہملٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں خالد احمد نے ناٹ آؤٹ 4 رنز بنائے تھے، جس کے بعد سے اب تک 11 اننگز میں ایک رن بھی نہیں بنا پائے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خالد ہملٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے، یعنی 13 میں سے 12 اننگز میں اُن کے نام کے آگے صفر ہی کا ہندسہ لکھا گیا ہے۔ وہ اپنے کیریئر میں 9 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے اور تین بار اسی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے ہیں۔
خالد احمد کا ٹیسٹ بیٹنگ کیریئر
میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | صفر |
---|---|---|---|---|
8 | 4 | 4* | 0.44 | 9 |
بنگلہ دیشی لوئر آرڈر کو دیکھ کر تو واقعی پرانے زمانے کی کرکٹ کی یاد آ جاتی ہے۔ عبادت حسین: 26 اننگز میں اوسط صرف 1.00 ، مستفیض الرحمٰن 22 اننگز میں 4.4 اور خالد احمد تو 13 اننگز میں 0.44۔
اس کے بعد ذہن میں دو سوالات ابھرتے ہیں: ایک ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر کون آؤٹ ہوا ہے؟ اور دوسرا مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ کس کے پاس ہے؟
کرکٹ تاریخ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کورٹنی واش کے پاس ہے۔ اپنے 185 اننگز پر محیط کیریئر میں واش 43 مرتبہ صفر کی ہزیمت کا نشانہ بنے۔
چلیں، واش تو ایک پکے ٹھکے باؤلر تھے لیکن دوسرے نمبر پر تو وہ کھلاڑی ہیں جن کے کیریئر میں ایک سنچری اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں، اس کے باوجود وہ اپنی 226 اننگز میں 39 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔ ہم بات کر رہے ہیں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کی۔ ویسے براڈ اب بھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، ہو سکتا ہے جاتے جاتے واش کا عالمی ریکارڈ ہی توڑ دیں۔
پھر نام آتا ہے تاریخ کے عظیم ترین باؤلر کا، اتنے عظیم کہ جو شاید بیٹنگ کو حرام سمجھتے تھے، 104 اننگز میں 36 صفر کے ساتھ نیوزی لینڈ کے کرس مارٹن کو "صفر کا بادشاہ" کہتے ہیں۔ کرس اپنے کیریئر میں 27 مرتبہ کلین بولڈ ہوئے جن میں سے 20 بار ان کی گِلیاں صفر پر اُڑیں۔
35 صفر آسٹریلیا کے گلین میک گرا کے پاس بھی ہیں جبکہ ان کے ہم وطن شین وارن اور بھارت کے ایشانت شرما کیریئر میں 34، 34 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ "ڈک" دنیش کنیریا کے پاس ہیں، جو 84 اننگز میں 25 مرتبہ صفر کا نشانہ بنے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بلے باز
میچز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | سنچریاں | نصف سنچریاں | صفر | |
---|---|---|---|---|---|---|---|
کورٹنی واش | 132 | 936 | 30* | 7.54 | 0 | 0 | 43 |
اسٹورٹ براڈ | 154 | 3430 | 169 | 18.34 | 1 | 13 | 39 |
کرس مارٹن | 71 | 123 | 12* | 2.36 | 0 | 0 | 36 |
گلین میک گرا | 124 | 641 | 61 | 7.36 | 0 | 1 | 35 |
ایشانت شرما | 105 | 785 | 57 | 8.26 | 0 | 1 | 34 |
شین وارن | 145 | 3154 | 99 | 17.32 | 0 | 12 | 34 |
مرلی دھرن | 133 | 1261 | 67 | 11.67 | 0 | 1 | 33 |
جیمز اینڈرسن | 171 | 1278 | 81 | 9.32 | 0 | 1 | 30 |
ظہیر خان | 92 | 1231 | 75 | 11.95 | 0 | 3 | 29 |
مارون ڈلن | 38 | 549 | 43 | 8.44 | 0 | 0 | 26 |
اب چلتے ہیں دوسرے سوال کی طرف کہ مسلسل اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کا "کارنامہ" کس نے انجام دیا ہے؟ یہ آسٹریلیا کے رابرٹ ہالینڈ تھے جو 1985ء میں مسلسل پانچ اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ
رنز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|
رابرٹ ہالینڈ | 0 | انگلینڈ | برمنگھم | اگست 1985ء |
0 | انگلینڈ | برمنگھم | اگست 1985ء | |
0 | نیوزی لینڈ | برسبین | نومبر 1985ء | |
0 | نیوزی لینڈ | برسبین | نومبر 1985ء | |
0 | نیوزی لینڈ | سڈنی | نومبر 1985ء | |
اجیت آگرکر | 0 | آسٹریلیا | ایڈیلیڈ | دسمبر 1999ء |
0 | آسٹریلیا | میلبرن | دسمبر 1999ء | |
0 | آسٹریلیا | میلبرن | دسمبر 1999ء | |
0 | آسٹریلیا | سڈنی | جنوری 2000ء | |
0 | آسٹریلیا | سڈنی | جنوری 2000ء | |
محمد آصف | 0 | بھارت | فیصل آباد | جنوری 2006ء |
0 | بھارت | کراچی | جنوری 2006ء | |
0 | سری لنکا | کولمبو | مارچ 2006ء | |
0 | سری لنکا | کانڈی | اپریل 2006ء | |
0 | انگلینڈ | اوول | اگست 2006ء |
ان کے بعد بھارت کے اجیت آگرکر اور پاکستان کے محمد آصف نے مسلسل پانچ اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کا یہ عالمی ریکارڈ برابر کیا۔ بھارت کے اجیت آگرکر 1999ء میں آسٹریلیا کے دورے پر گئے اور مسلسل پانچ اننگز میں صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے۔
جبکہ پاکستان کے محمد آصف 2006ء میں اس ہزیمت کا نشانہ بنے۔ لیکن بنگلہ دیش کے ٹَیل اینڈرز دیکھیں تو لگتا ہے اس ریکارڈ کو خطرہ لاحق ہے۔ ہو سکتا ہے خالد احمد مسلسل چھ اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالیں؟