آسٹریلیا اسپن جال میں پھنس گیا، سیریز سری لنکا کے نام

0 669

سری لنکا اسپن جال کے ذریعے آسٹریلیا کو قابو کرنے میں کامیاب ہو گیا اور ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 4 رنز سے جیت گیا۔ چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل کی اِس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے سیریز میں ‏3-1 کی فیصلہ کُن برتری حاصل کر لی ہے۔ یعنی پانچواں اور آخری ون ڈے محض خانہ پُری کے لیے کھیلا جائے گا۔

‏259 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کو تیسرے اوور میں ہی کپتان آرون فنچ کی وکٹ سے محروم ہونا پڑا، جو صفر کی ہزیمت سے دو چار ہوئے۔ ایک مشکل وکٹ پر جہاں اسپن باؤلرز چھائے ہوئے تھے، ڈیوڈ وارنر نے عرصے بعد کوئی عمدہ اننگز کھیلی۔

انہوں نے 112 گیندوں پر 99 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو ایک بہترین مقام پر لے آئے، جب اسے آخری 15 اوورز میں صرف 75 رنز کی ضرورت تھی جبکہ چھ وکٹیں بھی باقی تھیں۔ جب ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا با آسانی مقابلہ جیت جائے گا، تب چند ہی گیندوں نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ مسلسل تین اوورز میں ٹریوس ہیڈ، گلین میکسویل اور پھر ڈیوڈ وارنر کی وکٹیں گر گئیں۔ وارنر 112 گیندوں پر 99 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے یعنی اپنی 19 ویں ون ڈے سنچری مکمل نہیں کر سکے۔

اب آسٹریلیا صرف تین وکٹوں کے ساتھ آخری 10 اوورز میں 62 رنز کے حصول کے لیے آگے بڑھا۔ یہاں پیٹ کمنز نے میچ بچانے کی بڑی کوشش کی۔ جب آخری تین اوورز میں 33 رنز درکار تھے تو وہ دو چوکے لگانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔

اب میچ بُری طرح پھنس چکا تھا کیونکہ آسٹریلیا کی صرف ایک وکٹ بچی تھی اور آخری اوور میں 19 رنز کی ضرورت تھی۔ یہاں پر نوجوان میتھیو کونیمن نے آخری اوور میں تباہی مچا دی۔ پہلی گیند ضائع ہونے کے بعد انہوں نے ڈاسن شناکا کی اگلی چار گیندوں پر 14 رنز بنا ڈالے، جن میں تین چوکے بھی شامل تھے۔

جہاں کچھ دیر قبل فتح کے شادیانے بج رہے تھے، اب خاموشی طاری تھی کیونکہ آسٹریلیا کو آخری گیند پر جیت کے لیے 5 اور میچ برابر کرنے کے لیے 4 رنز کی ضرورت تھی۔ لیکن کونیمن آخری گیند پر چوکا نہ لگا سکے اور آسٹریلیا 254 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا۔

یوں سری لنکا نےآٹھ باؤلرز آزما کر بالآخر آسٹریلیا پر قابو پا لیا۔

آسٹریلیا کا دورۂ سری لنکا 2022ء - چوتھا ون ڈے

سری لنکا بمقابلہ آسٹریلیا

نتیجہ: سری لنکا 4 رنز سے جیت گیا

سری لنکا 🏆258
چارتھ اسالنکا110106
دھاننجیا ڈی سلوا6061
آسٹریلیا باؤلنگامرو
مچل مارش71292
پیٹ کمنز91372

آسٹریلیا254
ڈیوڈ وارنر99112
پیٹ کمنز3543
سری لنکا باؤلنگامرو
چمیکا کرونارتنے51192
دھاننجیا ڈی سلوا100392

قبل ازیں، آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا نے مایوس کُن آغاز لیا۔ ابتدائی 10 اوورز میں صرف 34 رنز بنا پایا، وہ بھی تین وکٹوں کے نقصان پر۔ آؤٹ ہونے والوں میں نیروشان ڈِکویلا، کوسال مینڈس اور پاتھم نسانکا جیسے بلے باز شامل تھے۔

یہاں پر دھاننجیا ڈی سلوا اور چارتھ اسالنکا نے مزید مشکلات سے بچایا اور اسکور کو 135 تک لے گئے، جہاں ڈی سلوا کی 61 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

اس مقام پر کپتان ڈاسن شناکا سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں لیکن نہ صرف وہ بلکہ آنے والے دیگر بلے بازوں نے بھی مایوس کیا۔ صرف اسالنکا تھے جو ایک اینڈ سے ڈٹے رہے، یہاں تک کہ 106 گیندوں پر 110 رنز بنانے کے بعد 48 ویں اوور میں جا کر آؤٹ ہوئے۔ یہ اُن کے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ آخر میں ونندو ہسارنگا کے 21 رنز کی بدولت سری لنکا 258 رنز تک پہنچ گیا۔ آخری پانچ اوورز میں صرف 22 رنز کا اضافہ ہوا اور لگتا تھا کہ یہی مرحلہ آسٹریلیا کے حق میں فیصلہ کُن ثابت ہوگا۔ لیکن سری لنکا کے اسپنر آسٹریلیا کو چت کرنے کے لیے کافی ثابت ہوئے۔

یہ آسٹریلیا کی ایشیا میں مسلسل تیسری ون ڈے سیریز میں شکست ہے۔ 2020ء میں بھارت کے ہاتھوں ہارنے کے بعد آسٹریلیا رواں سال پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز بھی ہار چکا ہے۔

سیریز کا پانچواں اور آخری مقابلہ جمعہ 24 جون کو کھیلا جائے گا جس کے بعد دو ٹیسٹ میچز بھی ہوں گے۔