ورلڈ کپ 2011ء: ویسٹ انڈیز اسکواڈ کا اعلان، سروان کی واپسی
ویسٹ انڈیز نے عالمی کپ 2011ء کے لیے اپنے 15 رکنی حتمی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں رام نریش سروان کو واپس طلب کر کے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فٹنس مسائل اور ناقص فارم کے باعث 6 ماہ سے ٹیم سے باہر رہنے والے سروان کا انتخاب غالبا بھارت میں ان کے شاندار ریکارڈ اور تجربے کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ سروان کو گزشتہ سال ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے مرکزی معاہدے سے بھی نہیں نوازا گیا تھا۔ سروان بھارت میں شاندار ریکارڈ رکھتے ہیں جہاں بھارت اپنے چھ میں سے پانچ گروپ میچز کھیلے گا۔ انہوں نے بھارت میں 15 میچز کھیلے ہیں جن میں 57.30 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں اور پانچ نصف سنچریاں داغی ہیں۔
ڈیرن سیمی کی زیر قیادت ویسٹ انڈین اسکواڈ میں آل راؤنڈر آندرے رسل کو شامل کیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر پہلی بار ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے۔ گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے مرکزی معاہدے پر دستخط سے انکار کرنے والے تین کھلاڑی کرس گیل، ڈیوین براوو اور کیرون پولارڈ بھی دستے کا حصہ ہیں کیونکہ تینوں نے گزشتہ سال بورڈ کے ایک روزہ ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی جو کہ بورڈقوانین کے مطابق ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں شرکت قومی ٹیم میں انتخاب کا معیار ہے۔
ویسٹ انڈیز عالمی کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں رواں ماہ کے اختتام پر سری لنکا میں تین ایک روزہ میچز کھیلے گا۔ یہ ایک روزہ میچز کی سیریز گزشتہ سال دسمبر میں کھیلی جانی تھی لیکن خراب موسم اور بارشوں کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی تھی۔
انفرادی سطح پر دیکھا جائے تو ویسٹ انڈین ٹیم میں بہت باصلاحیت کھلاڑی شامل ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن اجتماعی سعی کے ذریعے مقابلہ کرنے کی صلاحیت گزشتہ کئی سالوں سے اس ٹیم میں مفقود ہے۔ اندرونی سیاست اور کھلاڑیوں کے باہمی اختلافات نے 'کالی آندھی' کا زور ختم کر دیا ہے۔ اب بھی اگر ویسٹ انڈین ٹیم متحد ہو کر کھیلے تو اس کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے واضح امکانات موجود ہیں۔
اعلان کردہ اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
ڈیرن سیمی (کپتان)، کرس گیل، ڈیوائن براوو، ڈیرن براوو، کیرون پولارڈ، رام نریش سروان، ڈیوون اسمتھ، سلیمان بین، نکیتا ملر، کارلٹن با (وکٹ کیپر)، آندرے رسل، روی رام پال، کیمار روچ، شیو نارائن چندرپال اور ایڈرین بارتھ۔