بابر اعظم نے کوہلی سے ایک اور اعزاز چھین لیا

0 808

پاکستان کے کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ہیں، بلکہ اب تو وہ اس مقام پر فائز رہنے کا نیا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔

بھارت کے ویراٹ کوہلی کُل 1,013 دن تک نمبر وَن پوزیشن پر قابض رہے اور پھر یہ اعزاز ان سے چھن گیا۔ اب بابر اعظم نے اس سے بھی زیادہ یعنی 1,014 دن ورلڈ نمبر وَن رہنے کا کارنامہ انجام دے دیا ہے۔

بابر اعظم صرف ٹی ٹوئنٹی ہی میں نہیں بلکہ ون ڈے انٹرنیشنلز میں بھی نمبر ایک بیٹسمین ہیں، اور اب ان کی نظریں ٹیسٹ پر ہیں۔ ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ اور آسٹریلیا کے مارنس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ اُن سے آگے ہیں۔

جو روٹ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت 899 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ مارنس لبوشین 892 کے ساتھ دوسرے اور اسٹیو اسمتھ 845 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ میں بابر اعظم کا اگلا امتحان آئندہ ماہ سری لنکا کا دورہ ہے، جس میں پاکستان دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ ہو سکتا ہے وہاں غیر معمولی کارکردگی بابر کو ٹیسٹ میں بھی نمبر ون بنا دے؟ یا اس کے مزید قریب لے آئے؟

کرکٹ تاریخ میں کبھی کوئی ایسا بلے باز نہیں آیا جو بیک وقت تینوں فارمیٹس میں دنیا کا نمبر ایک بیٹسمین ہو۔

رکی پونٹنگ، میتھیو ہیڈن اور ویراٹ کوہلی مختلف اوقات میں تینوں طرز کی کرکٹ میں نمبر ایک رہے ہیں لیکن ہر فارمیٹ میں بیک وقت کوئی دنیا ایک نہیں رہا۔ بابر کی نظریں اب اسی ریکارڈ پر ہوں گی۔