انگلینڈ بھارت کے خلاف اپنے کم ترین اسکور پر ڈھیر

0 972

لگتا ہے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست نے انگلینڈ کے حوصلے پست کر دیے ہیں۔ اس کی "مہان" بیٹنگ لائن بھارتی باؤلرز کے ہاتھوں میں کھلونا بنی ہوئی ہے۔ ون ڈے سیریز کے آغاز ہی پر انگلینڈ بھارت کے خلاف اپنی تاریخ کے سب سے کم اسکور پر ڈھیر ہو گیا ہے۔

اوول کے تاریخی میدان پر ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ کم ترین ٹوٹل پر آل آؤٹ ہو جائے گا۔ 68 رنز پر آٹھ کھلاڑی میدان سے واپس آ  چکے تھے، جب آخری دو وکٹوں نے انہیں اس ہزیمت سے بچا لیا اور اسکور کو تہرے ہندسے میں پہنچا دیا۔ جب 26 ویں اوور میں ڈیوڈ وِلی کی صورت میں آخری وکٹ گری تو اسکور بورڈ پر صرف 110 رنز تھے۔ یعنی بھارت کے خلاف انگلینڈ کی ون ڈے تاریخ کا سب سے کم ٹوٹل!

اس اننگز کے دوران انگلینڈ کے اہم ترین بلے باز جیسن روئے، جو روٹ، بین اسٹوکس اور لیام لونگسٹن، سب صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کے جسپریت بمراہ نے صرف 19 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی بہترین باؤلنگ ہے۔

خیر، ہم بات کر رہے تھے بھارت کے خلاف انگلینڈ کے سب سے کم اسکور کی۔ اس سے پہلے بھارت کے خلاف انگلینڈ کا کسی بھی ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے کم ٹوٹل 125 رنز تھا۔ جو اکتوبر 2006ء میں جے پور میں کھیلے گئے ایک ون ڈے میں بنایا گیا تھا۔  یہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا ایک مقابلہ تھا، جس میں بھارت بھی 126 رنز کے تعاقب میں ذرا لڑکھڑا گیا تھا۔ البتہ چار وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہو گیا۔ ویسے یہ پورا ٹورنامنٹ ہی عجیب تھا۔ کئی لو اسکورنگ میچز دیکھنے کو ملے۔ 21 میچز میں سے صرف پہلا مقابلہ ایسا تھا جس میں کوئی ٹیم 300 سے زیادہ رنز بنا پائی۔ کئی میچز تو ایسے تھے، جن میں ٹیمیں اسکور بورڈ پر 200 رنز بھی اکٹھے نہیں کر پائیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل: بھارت کے خلاف انگلینڈ کے سب سے کم ٹوٹلز

اسکوراوورزبمقابلہبمقامبتاریخ
انگلینڈ 11025.2 بھارتاوول‏12 جولائی 2022ء
انگلینڈ 12537.0 بھارتجے پور‏15 اکتوبر 2006ء
انگلینڈ 14941.4 بھارتسڈنی‏26 فروری 1985ء
انگلینڈ 15542.2 بھارترانچی‏19 جنوری 2013ء
انگلینڈ 15836.0 بھارتکوچی‏15 جنوری 2013ء

اگر ہم بات کریں کسی بھی ملک کے خلاف انگلینڈ کے سب سے کم ون ڈے ٹوٹل کی تو یہ ریکارڈ صرف 86 رنز کا ہے۔ جون 2001ء میں انگلینڈ آسٹریلیا کے خلاف ایک ون ڈے میں 212 رنز کا تعاقب کر رہا تھا، لیکن صرف 86 پر آل آؤٹ ہو گیا۔

انگلینڈ ون ڈے انٹرنیشنل میں کُل چھ مرتبہ 100 سے بھی کم اسکور پر ڈھیر ہوا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ نے اپنے تین بدترین ٹوٹلز مسلسل تین سالوں میں بنائے۔ 2002ء میں وہ ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف 89 رنز پر آل آؤٹ ہوا اور پھر 2003ء میں دمبولا میں سری لنکا کے خلاف محض 88 رنز پر۔

ون ڈے انٹرنیشنل: انگلینڈ کی تاریخ کے سب سے کم ٹوٹلز

اسکوراوورزبمقابلہبمقامبتاریخ
انگلینڈ 8632.4 آسٹریلیامانچسٹر‏14 جون 2001ء
انگلینڈ 8846.1 سری لنکادمبولا‏18 نومبر 2003ء
انگلینڈ 8937.2 نیوزی لینڈویلنگٹن‏16 فروری 2002ء
انگلینڈ 9336.2 آسٹریلیالیڈز‏18 جون 1975ء
انگلینڈ 9431.7x8 آسٹریلیامیلبرن‏7 فروری 1979ء
انگلینڈ 9926.1 سری لنکاچیسٹرلی اسٹریٹ‏25 مئی 2014ء

پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی بد ترین کارکردگی 122 رنز کی ہے۔ یہ جنوری 1978ء میں لاہور میں کھیلا گیا ایک ون ڈے تھا، جس میں پوری ٹیم 159 رنز کے تعاقب میں 122 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ون ڈے انٹرنیشنل: پاکستان کے خلاف انگلینڈ کے سب سے کم ٹوٹلز

اسکوراوورزبمقابلہبمقامبتاریخ
انگلینڈ 12231.6x8 پاکستانلاہور‏13 جنوری 1978ء
انگلینڈ 13248.2 پاکستانشارجہ‏26 مارچ 1985ء
انگلینڈ 14624.2 پاکستانمیلبرن‏2 مارچ 1985ء