بریسویل پھر آڑے آ گئے، نیوزی لینڈ کو سیریز بھی جتوا دی

0 890

ایک مرتبہ پھر مائیکل بریسویل کی عمدہ کارکردگی آڑے آ گئی۔ یوں آئرلینڈ دوسرے ون ڈے کے ساتھ ساتھ  سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا۔  بریسویل کے 40 گیندوں پر 42 رنز اور فاتحانہ چھکے نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں صرف تین وکٹوں سے کامیابی دلائی۔

ملاہائیڈ، آئرلینڈ میں ٹاس نیوزی لینڈ نے جیتا اور میزبان کو کھیلنے کی دعوت دی، جو ایک مرتبہ پھر اچھا آغاز نہیں لے پایا۔ پال اسٹرلنگ پہلے ہی اوور میں صفر کی ہزیمت سے دوچار ہوئے اور کپتان اینڈی بالبرنی بھی 2 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے۔ میٹ ہنری کی تباہ کن باؤلنگ نے دونوں اہم بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ پھر یہ سلسلہ رکا نہیں، تھما نہیں۔ صرف 85 رنز تک پہنچتے پہنچتے آئرلینڈ کی آدھی ٹیم آؤٹ ہو چکی تھی۔ اینڈی میک برائن اور کرٹس کیمفر کی بالترتیب 28 اور 25 رنز کی دھیمی اننگز بھی اس اسکور میں شامل تھیں۔

یہاں جارج ڈوکریل کے کیریئر بیسٹ 61 گیندوں پر 74 رنز اور آخر میں مارک اڈیئر کے 15 گیندوں پر 27 رنز نے آئرلینڈ کو 200 کا ہندسہ پار کرایا۔ بالآخر 48 اوورز میں پوری ٹیم 216 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کا دورۂ آئرلینڈ 2022ء - دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل

آئرلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ

‏12 جولائی 2022ء

دی ولیج، ملاہائیڈ، ڈبلن، آئرلینڈ

نیوزی لینڈ 3 وکٹوں سے جیت گیا

آئرلینڈ216
جارج ڈوکریل7461
اینڈی میک برائن2848
نیوزی لینڈ باؤلنگامرو
مائیکل بریسویل101262
مچل سینٹنر101322

نیوزی لینڈ 🏆219-7
فن ایلن6058
ٹام لیتھم5573
آئرلینڈ باؤلنگامرو
مارک اڈیئر50292
سیمی سنگھ8.10512

یہ ہر گز ایک اچھا مجموعہ نہیں تھا۔ گزشتہ مقابلے میں تو آئرلینڈ 300 رنز کا دفاع بھی نہیں کر پایا تھا۔ اس لیے اندازہ تو یہی تھا کہ نیوزی لینڈ جیتے گا۔ لیکن حالات باؤلنگ کے لیے سازگار تھے۔ جب اننگز کی پہلی دو گیندوں پر ہی مارٹن گپٹل اور وِل ینگ گولڈن ڈک کا نشانہ بنے تو تہلکہ مچ گیا۔  

مارک اڈیئر جو کچھ دیر پہلے بلے بازی میں کمالات دکھا رہے تھے، نے پہلے ہی اوور میں دو قیمتی وکٹیں لے کر سنسنی پھیلا دی۔ یہاں پر اپنا دوسرا ون ڈے کھیلنے والے فن ایلن اور کپتان ٹام لیتھم نے اننگز کو سنبھالا دیا۔ دونوں نے 101 رنز کی شراکت داری کی۔ اس دوران ایلن نے 58 گیندوں پر 60 رنز بنائے، یعنی اپنی  پہلی ون ڈے ففٹی کی۔

لیتھم نے 55 رنز کی نسبتاً سست اننگز کھیلی لیکن اس طرح کھیلنا وقت کا تقاضا تھا۔ بہرحال، ان دونوں کے بعد جب ہنری نکلس رن آؤٹ ہوئے اور گلین فلپس کی اننگز بھی 16 رنز پر ختم ہو گئی تو میچ بہت دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا۔ یہاں سیمی سنگھ نے مچل سینٹنر کی صورت میں اپنی دوسری وکٹ لی تو نیوزی لینڈ ہدف سے 20 رنز دُور تھا اور صرف تین وکٹیں باقی بچی تھیں۔

 یہاں بریسویل نے پچھلے میچ کی کہانی دہرا دی۔ انہوں نے تیزی سے ہدف کی جانب قدم بڑھانا شروع کر دیے اور بالآخر 39 ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکے کے ساتھ میچ کا خاتمہ کر دیا۔ وہ 40 گیندوں پر 42 رنز کے ساتھ فاتحانہ میدان سے واپس آئے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔

بریسویل پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے دو وکٹیں بھی لے چکے تھے یعنی بھرپور آل راؤنڈ پرفارمنس دی اور یہی وجہ ہے کہ ایک بار پھر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز میں ‏2-0 سے کامیابی حاصل کر لی ہے جبکہ ابھی ایک مقابلہ باقی ہے۔