جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوئنٹی لیگ کے لیے ورلڈ کپ داؤ پر لگا دیا

0 774

جنوبی افریقہ گزشتہ کئی سالوں سے اپنی لیگ کروانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ لیکن اِس مرتبہ تو وہ اتنا سنجیدہ ہو گیا ہے کہ ورلڈ کپ کو بھی خاطر میں نہیں لا رہا۔ اندازہ لگا لیں کہ  اسے جنوری 2023ء میں آسٹریلیا میں ایک ون ڈے سیریز کھیلنا تھی لیکن صرف اپنی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے کامیاب انعقاد کے لیے سیریز سے دستبردار ہو گیا ہے۔

اس غیر معمولی فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ آسٹریلیا کو ورلڈ کپ سپر لیگ میں مفت کے پوائنٹس مل جائیں گے اور کھیلے بغیر ‏3-0 کی یہ شکست جنوبی افریقہ کے ورلڈ کپ 2023ء کے امکانات کو سخت نقصان پہنچائے گی۔

اس وقت ورلڈ کپ سپر لیگ میں جنوبی افریقہ ویسے ہی بہت برے حال میں ہے۔ 13 میچز میں صرف 4 فتوحات کی وجہ سے وہ گیارہویں نمبر پر پڑا ہوا ہے۔ اس کے باوجود جس فیاضی سے آسٹریلیا کو سیریز طشتری میں رکھ کر پیش کی ہے، اس کے بعد عین ممکن ہے کہ جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائر کھیلنا پڑے۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ ٹیبل

بمطابق 12 جولائی 2022ء

درجہملکمیچزجیتےہارےپوائنٹسنیٹ رن ریٹ
1 انگلینڈ18125125‎+1.219
2 بنگلہ دیش18126120‎+0.384
3 افغانستان12102100‎+0.563
4 پاکستان159690‎+0.095
5 نیوزی لینڈ88080‎+1.827
6 ویسٹ انڈیز2181380‎-0.823
7 بھارت128479‎+0.416
8 آسٹریلیا127570‎+0.496
9 آئرلینڈ2061268‎-0.399
10 سری لنکا1861162‎-0.031
11 جنوبی افریقہ134749‎-0.206
12 زمبابوے1531135‎-0.924
13 نیدرلینڈز1621325‎-1.240

جو ٹیمیں اگلے سال مئی کے اختتام تک ون ڈے انٹرنیشنل سپر لیگ میں ٹاپ 8 میں ہوں گی، وہی ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر سکیں گی۔  باقی ٹیمیں ایک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کھیلیں گی، جہاں سے مزید دو ٹیمیں ورلڈ کپ تک پہنچیں گی۔  عین ممکن ہے کہ جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ کے لیے یہی لمبا راستہ اختیار کرنا پڑے۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے پچھلے مہینے  کرکٹ آسٹریلیا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس ون ڈے سیریز کو مؤخر کر دے،  لیکن ایک ایسے زمانے میں جب کیلنڈر میں ویسے ہی بڑی مشکل سے وقت نکل رہا ہے، آسٹریلیا کے لیے ایسا کرنا ممکن نہیں تھا اور وہ کیوں کرتا؟ اسے تو مفت کے پوائنٹس مل رہے تھے۔

بہرحال، اصل نقصان  تو شائقین کا ہوا کہ جو سال کے آغاز میں ایک زبردست سیریز دیکھنے سے محروم رہ گئے۔