انگلینڈ 17 سال بعد پاکستان میں، شیڈول جاری ہو گیا

0 831

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ انگلینڈ کے دورۂ پاکستان کی تصدیق کر دی ہے، جس میں 20 ستمبر سے 7 اکتوبر کے دوران کراچی اور لاہور میں سات ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔

یہ 17 سال کے طویل عرصے کے بعد انگلینڈ کا پہلا دورۂ پاکستان ہوگا۔ آخری بار جب انگلش کرکٹ ٹیم 2005ء میں پاکستان آئی تھی تو مائیکل وان کمنٹیٹر نہیں بلکہ کپتان تھے۔ 19 سال بعد پہلی بار ایشیز سیریز جیت کر انگلینڈ کا حوصلہ، اور دماغ بھی، ساتویں آسمان پر تھا۔ کیون پیٹرسن، اینڈریو فلنٹوف، اینڈریو اسٹراس، اسٹیو ہارمیسن اور پال کولنگ ووڈ اپنے عروج پر تھے جب انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان نے ٹیسٹ سیریز میں ‏2-0 سے یادگار کامیابی حاصل کی تھی بلکہ ون ڈے سیریز بھی ‏3-2 سے جیتی۔

انگلینڈ کو گزشتہ سال پاکستان کے دورے پر آنا تھا لیکن نیوزی لینڈ کا دورۂ پاکستان پر پہنچ کر واپس چلے جانا انگلینڈ کے دورے کے مؤخر ہونے کی وجہ بنا تھا۔

بہرحال، اب یہ سیریز دو حصوں میں کھیلی جائے گی۔ پہلے 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک سات ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ ابتدائی چار مقابلوں کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا جس کے بعد 28 ستمبر سے سیریز لاہور منتقل ہو جائے گی۔

انگلینڈ کا دورۂ پاکستان 2022ء - ٹی ٹوئنٹی مرحلہ

بمقابلہبمقامبتاریخبوقت
پاکستان انگلینڈپہلا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏20 ستمبر 2022ء‏7:30 شام
پاکستان انگلینڈدوسرا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏22 ستمبر 2022ء‏7:30 شام
پاکستان انگلینڈتیسرا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏23 ستمبر 2022ء‏7:30 شام
پاکستان انگلینڈچوتھا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏25 ستمبر 2022ء‏7:30 شام
پاکستان انگلینڈپانچواں ٹی ٹوئنٹیلاہور‏28 ستمبر 2022ء‏7:30 شام
پاکستان انگلینڈچھٹا ٹی ٹوئنٹیلاہور‏30 ستمبر 2022ء‏7:30 شام
پاکستان انگلینڈساتواں ٹی ٹوئنٹیلاہور‏2 اکتوبر 2022ء‏7:30 شام

یہ سیریز رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بہت اہم ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا۔ جس میں شرکت کے بعد انگلینڈ ایک مرتبہ پھر دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا رخ کرے گا۔

پاکستان کرکٹ کے لیے اگلا سیزن بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کے ساتھ ملک میں صفِ اول کی ٹیموں کی آمد بھی مکمل ہو جائے گی۔ پاکستان اس سیزن میں انگلینڈ کے علاوہ نیوزی لینڈ کی میزبانی بھی کرے گا۔

نیوزی لینڈ دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے دسمبر و جنوری میں پاکستان آئے گا اور مزید پانچ ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے اپریل میں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔ یہ اس حرکت کا ازالہ ہوگا جو اس نے ستمبر 2021ء میں کی تھی جب پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ علی الصبح نیوزی لینڈ نے وطن واپسی کا اعلان کر دیا۔

بہرحال، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے علاوہ پاکستان اس سیزن میں ویسٹ انڈیز کی میزبانی بھی کرے گا جو پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز اور نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دوروں کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔