ایشیا کپ کا اعلان ہو گیا، پاک-بھارت ٹاکرے کے لیے تیار
ایک طویل انتظار کے بعد بالآخر ایشیا کپ 2022ء کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے یعنی ہم اسی مہینے پاک-بھارت ٹاکرا دیکھیں گے۔ وہ بھی ایک بار نہیں، ممکنہ طور پر دو مرتبہ بلکہ ہو سکتا ہے تیسری بار بھی ہو ہی جائے، فائنل میں؟۔ تو سیٹ بیلٹ باندھ لیجیے کہ ایشیا کپ بس چند ہفتوں میں شروع ہونے ہی والا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 27 اگست سے ہوگا اور یہ 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔ پندرہویں ایشیا کپ کی میزبانی دراصل سری لنکا کے پاس تھی لیکن وہاں معاشی بحران کی وجہ سے کسی ایسے ٹورنامنٹ کی میزبانی مشکل تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اسے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا ہے۔ جہاں 27 اگست کو سری لنکا اور افغانستان کے مابین مقابلے کے ساتھ ہی اس کا باضابطہ آغاز ہو جائے گا۔
روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا سامنا 28 اگست کو دبئی میں ہوگا اور ممکنہ طور پر 4 ستمبر کو بھی دونوں ٹیمیں سپر 4 راؤنڈ میں آمنے سامنے آئیں گی۔ اور اگر قسمت نے ساتھ دیا تو عین ممکن ہے فائنل بھی ہو جائے؟
ایشیا کپ 2022ء - مکمل شیڈول
تمام اوقات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ہیں
میچ | تاریخ | بمقابلہ | بمقام | بوقت | |
---|---|---|---|---|---|
1 | 27 اگست | سری لنکا | افغانستان | دبئی | شام 7 بجے |
2 | 28 اگست | پاکستان | بھارت | دبئی | شام 7 بجے |
3 | 30 اگست | بنگلہ دیش | افغانستان | شارجہ | شام 7 بجے |
4 | 31 اگست | بھارت | کوالیفائر | دبئی | شام 7 بجے |
5 | یکم ستمبر | سری لنکا | بنگلہ دیش | دبئی | شام 7 بجے |
6 | 2 ستمبر | پاکستان | کوالیفائر | شارجہ | شام 7 بجے |
سپر 4 | 3 ستمبر | B1 | B2 | شارجہ | شام 7 بجے |
سپر 4 | 4 ستمبر | A1 | A2 | دبئی | شام 7 بجے |
سپر 4 | 6 ستمبر | A1 | B1 | دبئی | شام 7 بجے |
سپر 4 | 7 ستمبر | A2 | B2 | دبئی | شام 7 بجے |
سپر 4 | 8 ستمبر | A1 | B2 | دبئی | شام 7 بجے |
سپر 4 | 9 ستمبر | B1 | A2 | دبئی | شام 7 بجے |
فائنل | 11 ستمبر | سپر 1 | سپر 2 | دبئی | شام 7 بجے |
یہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوگا یعنی 2016ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی آمد کی وجہ سے مختصر ترین فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں سے پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان تو براہِ راست مین راؤنڈ کھیلیں گے جبکہ ایک ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ سے آئے گی، جس میں متحدہ عرب امارات، کویت، سنگاپور اور ہانگ کانگ مد مقابل ہوں گے۔
مین راؤنڈ میں چھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے گروپ میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ کوالیفائنگ ٹیم ہوگی جبکہ دوسرا گروپ سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہوگا۔ اس مرحلے پر تمام ٹیمیں اپنے گروپ میں سب کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔ ہر گروپ میں سرفہرست 2 ٹیمیں پھر 'سپر 4' مرحلے میں جائیں گی جہاں وہ پھر ایک دوسرے سے کھیلیں گی اور یہاں جو دو ٹیمیں سب سے اوپر آئیں گی، ان کے درمیان 11 ستمبر کو فائنل کھیلا جائے گا۔
بھارت رواں سال اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا جس نے آخری مرتبہ ہونے والے ایشیا کپ 2018ء میں ریکارڈ ساتویں مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ آخری بار جب 2016ء میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا تو تب بھی بھارت نے ہی کامیابی سمیٹی تھی۔
پاکستان آج تک صرف دو مرتبہ ایشیا کپ جیت پایا ہے۔ پہلی مرتبہ 2000ء میں جب معین خان کپتان تھے اور پھر 2012ء میں مصباح الحق کی قیادت میں۔ جبکہ 1986ء اور 2014ء میں فائنل میں پہنچ کر بھی شکست کھا چکا ہے۔
ایشیا کپ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022ء کی تیاریوں کے لیے بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔ یہ ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے شروع ہوگا، جس میں میزبان آسٹریلیا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔