جنوبی افریقی آل راؤنڈر وین پارنیل نے اسلام قبول کر لیا
جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر وین پارنیل نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعرات کو جاری کردہ اپنے بیان میں پارنیل نے کہا ہے کہ انہوں نے ذاتی مطالعے اور سوچ بچار کے بعد جنوری 2011ء میں اسلام قبول کر لیا تھا اور اسلام ہی وہ عقیدہ ہے جس میں انہیں ہمیشہ دلچسپی رہی ہے۔
وین پارنیل نے اپنےقبول اسلام کا اعلان اس وقت کیا ہے جب مقدس ماہ رمضان کے آغاز میں محض چند روز رہ گئے ہیں۔ انہوں نے اب تک کوئی اسلامی نام منتخب نہیں کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ہاشم آملہ کی صورت میں ایک مسلمان کھلاڑی موجود ہیں اور وہ خصوصی اجازت نامے کے تحت قومی ٹیم کے اسپانسر شراب ساز ادارے کاسل لیگر کے نشان والا لباس نہیں پہنتے۔ تاہم اس حوالے سے فی الوقت پارنیل کا یہی کہنا ہے کہ وہ بورڈ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔
21 سالہ پارنیل جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر کی نئی نسل کے نمائندہ ہیں اور کلوزنر کا جانشیں سمجھے جا سکتے ہیں۔ وہ 2008ء کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے انڈر 19 دستے کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔
وہ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے سینٹرل کانٹریکٹ پانے والے نوجوان ترین کھلاڑی بنے۔ انہوں نے جنوری 2010ء میں انگلستان کے خلاف وینڈررز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں انہوں نے آئی پی ایل میں دہلی ڈیئرڈیولز سے معاہدہ بھی کیا لیکن رواں سال وہ پونے واریئرز منتقل ہو گئے۔
اس وقت وہ انگلش کاؤنٹی سسیکس کی نمائندگی کرنے کے لیے انگلستان میں موجود ہیں۔