ایلن کی سنچری رہ گئی، لیکن نیوزی لینڈ کامیاب
برج ٹاؤن میں نہ فن ایلن اپنی پہلی ون ڈے سنچری بنا سکے اور نہ ہی ٹم ساؤتھی ون ڈے انٹرنیشنل میں چوتھی بار پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام نہ دے سکے، لیکن پھر بھی کامیابی نیوزی لینڈ کے نام رہی جس نے دوسرا ون ڈے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔
نیوزی لینڈ کا دورۂ ویسٹ انڈیز 2022ء - دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل
ویسٹ انڈیز بمقابلہ نیوزی لینڈ
19 اگست 2022ء
212 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز دراصل میچ اسی وقت ہار گیا تھا جب صرف 27 رنز پر اس کی چھ وکٹیں گر گئی تھیں۔ خطرہ تھا کہ وہ اپنے کم ترین ون ڈے اسکور 54 سے بھی پہلے ڈھیر ہو جائے گا، لیکن بارش کے وقفے نے سنبھلنے کا موقع دے دیا۔ جس کے بعد محض اپنا دوسرا ون ڈے کھیلنے والے یانک کیریا نے معاملات کو سنبھال لیا۔ انہوں نے اپنی پہلی ون ڈے ففٹی بنائی اور الزاری جوزف کے ساتھ نویں وکٹ پر 85 رنز کی شراکت داری بھی کی۔ وہ اسکور کو 72 سے 157 رنز تک لے گئے جہاں جوزف 31 گیندوں پر 49 بنا کر آؤٹ ہو گئے یعنی اپنی پہلی نصف سنچری سے صرف ایک قدم کے فاصلے پر۔
کیریا آخری بیٹسمین تھے جو 84 گیندوں پر 52 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ یوں ویسٹ انڈیز 161 رنز پر آل آؤٹ ہو گیا اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 50 رنز سے یہ میچ ہار گیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی نے بڑی تباہ کن باؤلنگ کی۔ انہوں نے ابتدائی 10 اوورز میں ہی ویسٹ انڈیز کی چھ وکٹیں حاصل کر لی تھی۔ ساؤتھی نے چار اور بولٹ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں، کپتان کین ولیم سن کی عدم موجودگی میں نیوزی لینڈ کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا۔ صرف 31 رنز پر اس کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ خود قائم مقام کپتان ٹام لیتھم صفر پر ہی وکٹ دے گئے۔ تب فن ایلن نے چوتھی وکٹ پر ڈیرل مچل کے ساتھ 84 رنز کا اضافہ کیا اور نیوزی لینڈ کی اننگز کو دوبارہ پٹری پر ڈال دیا۔
یہ شراکت داری اختتام کو پہنچی تو کچھ ہی دیر میں نیوزی لینڈ کی اننگز پھر لڑکھڑا گئی۔ اگلے تین بلے بازوں کی اننگز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہیں ہوئی، یہاں تک کہ یہاں تک کہ آخری 10 اوورز کا مرحلہ شروع ہوتے ہی ایلن بھی نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔ وہ 96 رنز پر میدان سے لوٹے، یعنی سنچری سے صرف چار رنز کے فاصلے پر۔
نیوزی لینڈ 165 رنز پر سات وکٹوں سے محروم ہو چکا تھا اور اننگز کسی بھی وقت ختم ہو سکتی تھی۔ یہاں مچل سینٹنر کے 26 اور ٹرینٹ بولٹ کے 16 رنز نے نیوزی لینڈ کو 200 کا ہندسہ پار کروا دیا۔ دونوں نے آخری وکٹ نے 31 رنز کا اضافہ بھی کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیون سنکلیئر نے چار اور جیسن ہولڈر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اب سیریز کا تیسرا، آخری و فیصلہ کن ون ڈے اتوار 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔