ایشیا کپ میں افغانستان کا زبردست آغاز، سری لنکا چت

0 945

افغانستان نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے کراری شکست دے کر ایشیا کپ کے آغاز پر ہی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

افتتاحی میچ میں افغانستان نے کھیل کے ہر شعبے میں سری لنکا کو آؤٹ کلاس کیا۔ باؤلنگ کی تو سری لنکا کو صرف 105 رنز پر ڈھیر کر دیا، باؤلنگ تبدیلیاں بہترین، فیلڈنگ میں کمال دکھائے، ریویو پر فیصلے اپنے حق میں لیے اور بالآخر اپنے 100 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کو یادگار بنا دیا۔ فضل حق فاروقی نے پہلے ہی اوور میں کوسال مینڈس اور چارتھ اسالنکا کو آؤٹ کر کے جو برتری دلائی، وہ آخر تک برقرار رہی اور میچ ایک لمحے کے لیے افغانستان کی گرفت سے نکلا نہیں۔

اس کامیابی کے ساتھ افغانستان کا نیٹ رن ریٹ بھی اس مقام پر پہنچ گیا ہے کہ آئندہ مقابلے میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں بدترین بلکہ ناقابلِ یقین شکست ہی افغانستان کو سپر 4 کے مرحلے سے باہر کر سکتی ہے۔

ایشیا کپ 2022ء - پہلا میچ

سری لنکا بمقابلہ افغانستان

‏27 اگست 2022ء

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، دبئی، متحدہ عرب امارات

افغانستان 8 وکٹوں سے جیت گیا

سری لنکا105
بھنوکا راج پکشا3829
چمیکا کرونارتنے3138
افغانستان باؤلنگامرو
فضل حق فاروقی3.41113
مجیب الرحمٰن40242

افغانستان 🏆106-2
رحمٰن اللہ گرباز4018
حضرت اللہ زازئی3728
سری لنکا باؤلنگامرو
ونندو ہسارنگا30191
مہیش تھیکشانا40350

دن کا آغاز افغانستان کے ٹاس جیتنے سے ہوا جس نے خود باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نئے فاسٹ باؤلنگ عمر گل کے مطابق یہ فیصلہ وکٹ کی صورت حال دیکھ کر کیا گیا تھا اور یہ کیا ہی بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔ پہلے اوور ہی میں فضل نے دو قیمتیں وکٹیں دلائیں اور اگلے اوور میں نوین الحق نے پاتھم نسانکا کو انتہائی متنازع انداز میں آؤٹ کر کے تہلکہ مچا دیا۔

آف اسٹمپ سے باہر پڑنے والی گیند پر نسانکا شاٹ کھیلنے کے لیے لپکے لیکن گیند سیدھا وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں چلی گئی، جو یکدم اچھلے اور باؤلر کے ساتھ زور دار اپیل سے وکٹ لے لی۔ نسانکا نے فوراً ریویو لیا اور الٹرا ایج میں ایسا کوئی قطعی ثبوت نہیں ملا کہ گیند واقعی بلّے کا کنارہ لے کر گئی ہے۔ بہت معمولی سی ہلچل نظر آئی، لیکن تیسرے امپائر جے رام مدن گوپال نے اسی کو کافی سمجھا اور فیلڈ امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ نسانکا حیران، سری لنکا کے کھلاڑی پریشان اور شائقین انگشت بدندان!

دو اوورز میں صرف 5 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد سری لنکا نے دنوشکا گوناتھلیکا اور بھنوکا راج پکشا کی مدد سے اسکور کو 49 رنز تک پہنچایا لیکن مجیب الرحمٰن کے خلاف ریورس سوئپ کھیلنا دنوشکا کو بہت مہنگا پڑ گیا جو ڈیپ پوائنٹ پر کیچ دے کر چلتے بنے۔ اس کے بعد سری لنکا کے اننگز سنبھل نہیں پائی۔ ہر ایک، دو اوورز میں ایک وکٹ گرتی چلی گئی۔ بھیانک شاٹ سلیکشن ایک طرف، افغان باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ دوسری طرف، یہاں تک کہ فیلڈرز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 13 ویں اوور میں بھنوکا کے بعد اگلی ہی گیند پر مہیش تھیکشانا کو بھی رن آؤٹ کر دیا۔ یعنی بس انہی کی کسر رہ گئی تھی۔

چمیکا کرونارتنے نے 38 گیندوں پر 31 رنز بنا کر یقینی بنایا کہ سری لنکا 100 رنز کا ہندسہ تو پار کر لے۔ لیکن اس کے بعد وہ خود ہی آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی بنے۔ فضل حق فاروقی نے اپنی تیسری وکٹ لی اور سری لنکا کی اننگز کو 105 رنز پر ختم کر دیا۔

ہو سکتا ہے کچھ سری لنکن شائقین کو امید ہے کہ وکٹ ہی میں کچھ ہے اور ان کے باؤلرز بھی ویسے ہی چلیں گے۔ لیکن نہیں جناب! صرف پاور پلے میں ہی افغان اوپنرز حضرت اللہ زازئی اور رحمٰن اللہ گرباز نے 83 رنز جڑ دیے۔ اتنے رنز تو افغانستان نے کبھی اپنی تاریخ میں پاور پلے میں نہیں بنائے۔

رحمٰن اللہ صرف 18 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنانے کے بعد ونندو ہسارنگا کی گیند پر آؤٹ ہوئے لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ افغانستان صرف 23 رنز کے فاصلے پر تھا جبکہ تقریباً 14 اوورز کا کھیل ابھی باقی تھا۔ اس صورت حال میں تو افغانستان کو دنیا کی کوئی ٹیم نہیں ہرا سکتی تھی۔ گو کہ ابراہیم زدران کا افسوس ناک آؤٹ ضرور ہوا۔

دسویں اوور میں جب افغانستان ہدف سے صرف تین رنز دور تھا تو حضرت اللہ کا ایک سیدھا شاٹ باؤلر تھیکشانا کی انگلیوں کو چھوتا ہوا نان اسٹرائیکنگ اینڈ کی وکٹوں میں جا گھسا جبکہ ابراہیم کریز میں موجود نہیں تھے۔ یوں افغانستان دوسری وکٹ سے محروم ہوا، لیکن میچ تب تک ختم ہو چکا تھا۔ اگلے اوور میں ہی افغانستان نے ہدف حاصل کر لیا۔ حضرت اللہ زازئی 28 گیندوں پر 37 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ میدان سے واپس آئے۔

فضل حق فاروقی کو صرف 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ایشیا کپ 2022ء میں اگلا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہے۔ اس مقابلے سے پہلے یہ تحریر ضرور پڑھیں، جو ظاہر کرتی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کو کس طرح بھارت پر غلبہ حاصل رہا ہے۔