آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، سری لنکن ٹیم کا اعلان

1 1,071

سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹی دو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں تیز گیند باز لاستھ مالنگا شامل نہیں ہیں۔

لاستھ مالنگا کو ایک روزہ سیریز تک فٹ ہونے کا موقع دیا گیا ہے
لاستھ مالنگا کو ایک روزہ سیریز تک فٹ ہونے کا موقع دیا گیا ہے

6 اگست سے شروع پالی کیلے میں شروع ہونے والی سیریز کے لیے اعلان کردہ دستے میں نئے آل راؤنڈر شامنڈا ایرنگا کو طلب کیا گیا ہے جبکہ تھیلینا کنڈامبی کے اخراج کے بعد نائب کپتان اینجلو میتھیوز ہوں گے۔

مالنگا کا نام آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے لیے اعلان کردہ 20 رکنی دستے میں شامل تھا لیکن ایک روزہ سیریز سے قبل مکمل فٹ ہونے کے لیے انہیں ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں نہیں کھلایا جائے گا۔

16 رکنی حتمی دستے میں چمارا کاپوگیڈرا بھی بدستور شامل نہیں ہیں، جو عالمی کپ کے لیے سری لنکن دستے کا حصہ تھے تاہم دورۂ انگلستان کے لیے انہیں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

دھمیکا پرساد، سورنگا لکمل، نووان کولاسیکرا، تھیسارا پیریرا، اینجلو میتھیوز اور ایرنگا پیس بیٹری کو سنبھالیں گے جبکہ اجنتھا مینڈس، رنگانا ہیراتھ، جیون مینڈس اور سورج رندیو آسٹریلیا کو اسپن جال میں پھانسنے کی کوشش کریں گے۔

تلکارتنے دلشان پوری سیریز میں سری لنکا کی قیادت کریں گے۔

دو ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچز کے بعد 3 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

تلکارتنے دلشان (کپتان)، اینجلو میتھیوز (نائب کپتان)، اجنتھا مینڈس، تھیسارا پیریرا، جیون مینڈس، چمارا سلوا، دلروون پیریرا، دنیش چندیمال، دھمیکا پرساد، رنگانا ہیراتھ، سورج رندیو، سورنگا لکمل، شامنڈا ایرنگا،کمار سنگاکارا، مہیلا جے وردھنے اور نووان کولاسیکرا۔