دورۂ پاکستان اور ورلڈ کپ کے لیے انگلش اسکواڈ کا اعلان ہو گیا

0 936

انگلینڈ نے دورۂ پاکستان اور ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اور خدشات کے عین مطابق اس میں جیسن روئے شامل نہیں ہیں۔ آخر ایسا کیوں کیا گیا؟ اس بارے میں بعد میں بات کریں گے پہلے ذرا اُس 19 رکنی اسکواڈ پر نظر ڈال لیں، جو پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گا۔

دورۂ پاکستان کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں کرس جارڈن اور لیام لوِنگسٹن شامل نہیں ہیں جو اس وقت زخمی ہیں۔ کپتان جوس بٹلر بھی پنڈلی کی تکلیف کی وجہ سے تاخیر سے پاکستان پہنچیں گے۔ تب تک اُن کی جگہ قیادت کے فرائض معین علی سر انجام دیں گے۔ یعنی معین علی کی کپتانی کی خبریں کسی حد تک درست تھیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین سات ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 20 ستمبر کو کراچی میں ہوگا، جس کے لیے انگلش ٹیم 14 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔ 25 ستمبر تک کراچی میں چار میچز کھیلنے کے بعد سیریز لاہور منتقل ہو جائے گی جہاں 2 اکتوبر کو باقی ماندہ تین مقابلے کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ کا دورۂ پاکستان 2022ء

ٹی ٹوئنٹی مرحلہ

بمقابلہبمقامبتاریخ
پاکستان انگلینڈپہلا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏20 ستمبر 2022ء
پاکستان انگلینڈدوسرا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏22 ستمبر 2022ء
پاکستان انگلینڈتیسرا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏23 ستمبر 2022ء
پاکستان انگلینڈچوتھا ٹی ٹوئنٹیکراچی‏25 ستمبر 2022ء
پاکستان انگلینڈپانچواں ٹی ٹوئنٹیلاہور‏28 ستمبر 2022ء
پاکستان انگلینڈچھٹا ٹی ٹوئنٹیلاہور‏30 ستمبر 2022ء
پاکستان انگلینڈساتواں ٹی ٹوئنٹیلاہور‏2 اکتوبر 2022ء

یہ 2005ء کے بعد پہلا موقع ہوگا کہ انگلینڈ کی قومی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

دورۂ پاکستان کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ:

جوس بٹلر (کپتان)، معین علی (نائب کپتان)، اولی اسٹون، بین ڈکٹ، ٹام ہیلم، جارڈن کوکس، ڈیوڈ ملان، ڈیوڈ وِلی، رچرڈ گلیسن، ریس ٹوپلی، سیم کرن، عادل رشید، فل سالٹ، کرس ووکس، لیام ڈاسن، لیوک ووڈ، مارک ووڈ، ہیری بروک اور ول جیکس۔


انگلینڈ نے ساتھ ہی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی دستے کا اعلان بھی کر دیا ہے، جس میں سب سے نمایاں اخراج جیسن روئے کا ہے۔ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے اب تک روئے نے کُل 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیلے ہیں اور صرف 18.72 کے اوسط سے 206 رنز بنائے ہیں۔ یہی کارکردگی ہے جو ان کے باہر ہونے کا سبب بنی ہے۔

روئے کی جگہ فل سالٹ کو منتخب کیا گیا ہے، ان کی ڈومیسٹک فارم کی بنیاد پر۔ دی ہنڈریڈ میں بھی ان کی کارکردگی شاندار ہے، جہاں وہ آٹھ میچز میں 44.71 کے اوسط کے ساتھ 313 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

ورلڈ کپ میں قیادت کے فرائض جوس بٹلر انجام دیں گے، جو ایون مورگن کے بعد ان کا پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہوگا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں کارکردگی ڈیوڈ ملان کو بھی واپس لے آئی ہے۔ انہوں نے رواں سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 148 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔ وہ اس وقت دی ہنڈریڈ میں تقریباً 60 کے اوسط سے 358 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز ہیں۔

انگلینڈ کو گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں شکست ہوئی تھی، جہاں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ یوں انگلینڈ کا بیک وقت ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپیئن بننے کا خواب چکنا چور ہو گیا تھا۔

ویسے یہی اعلان کردہ اسکواڈ ہی ہوگا جو ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گا۔

انگلینڈ کا دورۂ آسٹریلیا 2022ء

بمقابلہبمقامبتاریخ
آسٹریلیاپہلا ٹی ٹوئنٹی انگلینڈ پرتھ‏9 اکتوبر 2022ء
آسٹریلیادوسرا ٹی ٹوئنٹی انگلینڈ کینبرا‏12 اکتوبر 2022ء
آسٹریلیاتیسرا ٹی ٹوئنٹی انگلینڈ کینبرا‏14 اکتوبر 2022ء

ورلڈ کپ اور دورۂ آسٹریلیا کے لیے اسکواڈ:

جوس بٹلر (کپتان)، بین اسٹوکس، جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ ملان، ڈیوڈ وِلی، ریس ٹوپلی، سیم کرن، عادل رشید، فل سالٹ، کرس جارڈن، کرس ووکس، لیام لونگسٹن، مارک ووڈ، معین علی اور ہیری بروک۔