انگلینڈ کو بڑا دھچکا، جونی بیئرسٹو ورلڈ کپ سے باہر

0 776

انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو زخمی ہونے کی وجہ سے نہ صرف جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے و آخری ٹیسٹ بلکہ آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ وہ جمعے کو گالف کھیلنے کے دوران اچانک زخمی ہوئے۔

بیئرسٹو ایک دن پہلے ہی انگلینڈ کے ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل کیے گئے تھے اور توقع تھی کہ وہ جیسن روئے کی عدم موجودگی میں جوس بٹلر کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کے لیے تو بین ڈکٹ کو طلب کر لیا ہے۔ البتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ان کے متبادل کا اعلان بعد میں ہوگا۔

انجری کی شدت کا اندازہ لگانے کے لیے ابھی اس کا جائزہ باقی ہے لیکن لگتا ہے کہ وہ دورۂ پاکستان کے ٹیسٹ مرحلے سے بھی باہر ہو جائیں گے، جو یکم دسمبر سے شروع ہوگا۔