مشفق الرحیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ دی

0 1,001

ایشیا کپ میں مایوس کُن کارکردگی کے مظاہرے کے بعد بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر مشفق الرحیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے اعلان میں ان کا کہنا ہے کہ وہ اب ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ پر اپنی توجہ رکھنا چاہتے ہیں۔

مشفق گزشتہ کچھ عرصے سے مایوس کُن فارم میں تھے بلکہ سری لنکا کے خلاف ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں انہوں نے ایک قیمتی کیچ بھی ڈراپ کر دیا تھا، جو اس میچ میں فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا اور بنگلہ دیش شکست کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہو گیا۔

گزشتہ دو سال کے دوران مشفق ایک تو ٹیم میں اِن اینڈ آؤٹ ہوتے رہے، لیکن جتنا بھی کھیلے، کوئی خاص تاثر قائم نہیں کر سکے۔ 16 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 218 رنز اور محض ایک نصف سنچری۔ ایک تجربہ کار کھلاڑی کی حیثیت سے بڑے ٹورنامنٹس میں ان سے خاص توقعات تھیں لیکن وہ ان پر بھی پورے نہیں اترے اور گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 8 اننگز میں صرف 113 رنز کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنا پائے۔

اسی حوالے سے سری لنکا کے خلاف آخری میچ میں کمنٹیٹرز بھی گفتگو کر رہے تھے، جس کے دوران وسیم اکرم نے کہا کہ جدید ٹی ٹوئنٹی میں 115 رنز کا اسٹرائیک ریٹ نہیں چلتا، مشفق کو کم از کم 130 کا ہندسہ عبور کرنا پڑے گا۔

مشفق الرحیم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر

میچزرنزبہترین اننگزاوسطاسٹرائیک ریٹ10050
102150072*19.48115.0306

مشفق الرحیم نے ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور ان فارمیٹس میں ان کی کارکردگی بہت نمایاں ہے۔ 82 ٹیسٹ میچز میں تقریباً 38 کے اوسط سے 5,235 رنز، 9 سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں ان کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ گزشتہ دو سال بھی دیکھیں تو وہ وہ 46 کے اوسط سے کھیل چکے ہیں۔ جبکہ 18 ون ڈے انٹرنیشنلز میں بھی ان کا اوسط تقریباً 43 ہے۔ یعنی ان دونوں فارمیٹس میں ابھی مشفق چل سکتے ہیں بلکہ خوب چل سکتے ہیں۔

اب بنگلہ دیش کا اگلا امتحان دورۂ نیوزی لینڈ ہے، جہاں وہ میزبان اور پاکستان کے ساتھ ایک سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گا۔ اس سیریز کے لیے جس ٹیم کا اعلان کیا جائے گا، غالباً وہی اگلے ماہ آسٹریلیا بھی جائے گی جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوگا۔