سچن کی سویں سنچری؛ انتظار کی گھڑیاں طویل تر

1 1,029

بھارت کے سچن ٹنڈولکر آخر اپنے شائقین کو کتنا انتظار کروائیں گے؟ جو ہر مقابلہ اس امید پر دیکھتے ہیں کہ شاید 'سچن مہان' اس میں اپنے کیریئر کی 100 ویں سنچری داغ جائیں۔ لیکن وہ ایک مرتبہ پھر وہ اپنے چاہنے والوں کو سنچری کا تحفہ نہیں دے پائے۔

سچن ایک مرتبہ پھر بوجھل قدموں کے ساتھ میدان سے باہر جاتے ہوئے
سچن ایک مرتبہ پھر بوجھل قدموں کے ساتھ میدان سے باہر جاتے ہوئے

34 اور 12 رنز کے ساتھ لارڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ناکامی کے بعد ٹنڈولکر اپنے فیورٹ میدان ٹرینٹ برج میں اس عزم کے ساتھ اترے کہ اس مرتبہ وہ یہ ہمالیہ سر کر ہی لیں گے لیکن 'میچ کے ہیرو' اسٹورٹ براڈ نے انہیں سلپ میں کپتان اینڈریو اسٹراس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے محض 16 رنز پر چلتا کر دیا۔

38 سالہ لٹل ماسٹر نے 34 گیندوں کا سامنا کیا اور تین مرتبہ گیند کو میدان بدر کیا لیکن وہ براڈ کی گیند پر ایک کٹ کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ تھما بیٹھے اور ایک مرتبہ پھر بوجھل قدموں کے ساتھ پویلین واپس لوٹے۔

سچن ٹنڈولکر اب تک اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 99 سنچریاں بنا چکے ہیں جن میں سے 51 ٹیسٹ جبکہ 48 ایک روزہ بین الاقوامی مقابلوں میں بنائی گئیں۔ جو دونوں طرز کی کرکٹ میں عالمی ریکارڈ ہیں اور اگر وہ 100 ویں سنچری بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو یہ بھی ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔

سچن کے پاس اس سنگ میل کو عبور کرنے کا اگلا موقع ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں جاری مقابلے کی دوسری اننگز میں ملے گا۔ تاہم اگر ٹنڈولکر اس میں بھی سنچری نہ بنا سکے تو انہیں اور اُن کے شائقین کے برمنگھم میں کھیلے جانے والے سیریز کے اگلے میچ کا انتظار کرنا ہوگا۔