ویزلین ہاٹ اسپاٹ کو دھوکا دینے میں کامیاب نہیں ہو سکتی؛ مالک ادارہ

3 1,038

ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی کے مالک ادارے بی بی جی اسپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ بلے کے کنارے پر ویزلین لگانے سے ٹیکنالوجی پر کوئی واضح اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی بیڈ-پیڈ اور وکٹوں کے پیچھے کیچز کو جانچنے کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے
ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی بیڈ-پیڈ اور وکٹوں کے پیچھے کیچز کو جانچنے کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے

ادارے کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلے باز کو ہاٹ اسپاٹ کو معمولی سا دھوکا دینے کے لیے بھی سینٹی میٹر بھر ویزلین لگانی پڑے گی۔

ویزلین تنازع اس وقت منظرعام پر آیا جب ٹرینٹ برج ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی بلے باز وی وی ایس لکشمن کو فیلڈ امپائر اور تیسرے امپائر دونوں نے وکٹوں کے پیچھے آؤٹ قرار نہیں دیا جبکہ انگلش کھلاڑیوں کو یقین تھا کہ گیند لکشمن کے بلے کا کنارہ چھوتے ہوئے وکٹ کیپر تک گئی ہے۔ اس معاملے کو تنازع کا رُخ دینے میں اہم کردار سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ادا کیا جنہوں نے معروف سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کہیں لکشمن کو ویزلین نے تونہیں بچا لیا؟۔ بعد ازاں ہلکی سے ہلکی آواز بھی پکڑنے والی ٹیکنالوجی اسنکو (snicko) نے ثابت کیا کہ گیند کے بلے کے قریب سے گزرنے پر آواز ضرور آئی ہے لیکن ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی اِس کے ثبوت نہ پکڑ سکی۔ انگلش گیند باز اسٹورٹ براڈ نے بھی کہا کہ ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی میں کوئی خامی ہے جو بہت معمولی ایج کو نہیں پکڑ پاتی۔

اس قضیے کے بعد بی بی جی اسپورٹس نے ہاٹ اسپاٹ کی اہلیت جانچنے کا تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا کہ بلے کے کنارے پر کوئی بیرونی مادہ لگا کر ٹیکنالوجی کو دھوکا تو نہیں دیتا؟ اب انہوں نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ "ہم نے اپنے دفتر میں گزشتہ دو دن تجربات کیے ہیں اور نتیجہ نکالا ہے کہ بلے کے کنارے پر ویزلین ملنے سے ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی کی کارکردگی پر کوئی واضح فرق نہیں پڑتا۔ اگر آپ 10 ملی میٹر (ایک سینٹی میٹر) ویزلین لگائیں تو شاید کچھ ہو لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اِس ٹیکنالوجی کو دھوکا دینا تقریباً ناممکن ہے۔"

ہاٹ اسپاٹ کے مالک ویرن برینن پہلے کہہ چکے ہیں کہ اس آلے کی درستگی کا تناسب 90 سے 95 فیصد ہے اور تیز روشنی اور شاٹ میں بلے کی رفتار اس کے نتائج اثرانداز ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویزلین جیسا مادہ لگانے سے بال بلے سے ٹکرانے پر رگڑ کم ہو سکتی ہے اور یوں ہاٹ اسپاٹ کی موثریت پر اثر پڑ سکتا ہے لیکن تجربات کے بعد بی بی جی کو معلوم ہوا ہے کہ ٹیکنالوجی کو معمولی سا دھکا دینے کے لیے بڑی مقدار میں ویزلین لگانی پڑے گی۔

آئی سی سی نے اپنے حالیہ سالانہ اجلاس میں ہاٹ اسپاٹ کو ڈی آر ایس کا لازمی جز قرار دیا ہے جبکہ ہاک آئی اختیاری ٹیکنالوجی ہے۔ ہاٹ اسپاٹ کے انفرا ریڈ کیمرے بیٹ-پیڈ کیچ، ایل بی ڈبلیو اور وکٹوں کے پیچھے کیچ کے حوالے سے درست فیصلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔