شاندار بلے بازی، این بیل سرفہرست 5 بلے بازوں میں شامل

1 1,021

بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں یادگار سنچری این بیل کو بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پانچ کھلاڑیوں میں لے آئی ہے۔ ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں این بیل نے 159 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی تھی۔ جبکہ ان کے ساتھی اسٹورٹ براڈ کی آل راؤنڈ کارکردگی انہیں آل راؤنڈرز کی فہرست میں تیسرے درجے پر اور باؤلرز کی درجہ بندی میں ساتويں نمبر پر لے آئی ہے۔

این بیل 159 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے کیریئر کی بہترین پوزیشن پر آ گئے ہیں
این بیل 159 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے کیریئر کی بہترین پوزیشن پر آ گئے ہیں

کرک نامہ کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق این بیل اس وقت اپنی بھرپور فارم میں ہیں اور 6 ٹیسٹ میچز میں 4 سنچریاں بنا چکے ہیں، جن کی بدولت وہ کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

لیکن انگلستان کے لیے 'سب اچھا' نہیں ہے، ان کے اہم ترین بلے باز جوناتھن ٹراٹ دو درجہ تنزلی کے بعد چوتھی اور ایلسٹر کک 6 درجے تنزلی کے بعد 11 ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب بھارت کے راہول ڈریوڈ سیریز میں دوسری سنچری اسکور کرنے کے بعد درجہ بندی میں 11 ویں نمبر پر آ گئے ہیں اور 2007ء کے بعد پہلی بار ٹاپ 10 میں شمولیت کے لیے تیار ہیں۔ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں پہلے ہی بھارت کے تین نام سچن ٹنڈولکر، وی وی ایس لکشمن اور وریندر سہواگ موجود ہیں جو بالترتیب تیسری، نویں اور دسویں پوزیشن پر ہیں۔

گیند بازی پہلی بار اننگ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے انگلش باؤلر ٹم بریسنن 14 درجے پھلانگ کر 25 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں انگلستان اب پہلی پوزیشن کا مضبوط امیدوار بن چکا ہے جسے بھارت کے خلاف سیریز میں ناقابل شکست برتر ی حاصل ہو چکی ہے۔ اگر وہ چار میچز کی سیریز کو 2 کے مارجن سے جیتتا ہے (یعنی 2-0 یا 3-1 سے) تو وہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا۔

ٹیموں کی درجہ بندی سیریز کے اختتام پر تازہ تر کی جائے گی جبکہ کھلاڑیوں کی درجہ بندی ہر مقابلے کے بعد اپ ڈیٹ کی جاتی ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی موجودہ عالمی درجہ بندی کے بارے میں کرک نامہ کا خصوصی صفحہ یہاں ملاحظہ کیجیے۔