انگلستان - بھارت تیسرا ٹیسٹ: روی بوپارا اور اسٹیون فن انگلش دستے میں شامل

1 1,080

انگلستان نے بھارت کو مسلسل دو ٹیسٹ ہرانے والے دستے میں دو کھلاڑیوں کو شامل کرلیا ہے. انگلش بلے باز جوناتھن ٹراٹ اور تیز گیند باز کرس ٹریملٹ کے زخمی ہوجانے کے بعد انگلستان نے بھارت کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے روی بوپارا اور اسٹیون فن کی 13 رکنی دستے میں شمولیت کا اعلان کیا ہے.

اسٹیون فن کی آمد سے انگلستانی بالنگ اٹیک مزید مضبوط ہوجائے گا.

جوناتھن ٹراٹ، جو دوسرے ٹیسٹ میں دوران فیلڈنگ کاندھے کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے، کی جگہ روی بوپارا کو طلب کیا گیا ہے. 26 سالہ روی بوپارا نے انگلستان کی جانب سے اب تک 10 ٹیسٹ مقابلوں میں 3 سنچریوں کی مدد سے 502 رنز بنائے ہیں. بوپارا نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ 2009ء میں آسٹریلیا کے خلاف لیڈز کے مقام پر کھیلا تھا جس میں ناقص کارکردگی کے بعد انہیں ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا. اگر روی بوپارا بھارت کے خلاف تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والی حتمی ٹیم کا حصہ بنتے ہیں تو ٹیسٹ مقابلوں میں ان کی دو سال بعد واپسی ہوگی.

دوسری جانب لارڈز ٹیسٹ میں زخمی ہوجانے والے تیز گیند باز کرس ٹریملٹ کی عدم صحتیابی کے باعث اسٹیون فن کو بھی دستے میں شامل کرلیا گیا ہے. اسٹیون فن نے 12 ٹیسٹ مقابلوں میں انگلستان کی نمائندگی کی اور مجموعی طور پر 50 وکٹیں حاصل کیں. اسٹیون فن حال ہی میں سری لنکا کے دورہ انگلستان میں حصہ لے چکے ہیں.

انگلستان کو بھارت کے خلاف سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور میزبان ٹیم کی محض ایک فتح اسے نہ صرف سیریز میں فتحیاب کردے گی بلکہ ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں بھی اسے اول نمبر پر پہنچا دے گی.

انگلستان اور بھارت کے درمیان 10 اگست سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ انگلش دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن، ایلسٹر کک، این بیل، اینڈریو اسٹراس، ایون مورگن، جیمز اینڈرسن، روی بوپارا، کرس ٹریملٹ، کیون پیٹرسن، گریم سوان، میٹ پرائیر اور ٹم بریسنن.