سری لنکا کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں عالمی نمبر ون بننے کا موقع

1 1,030

سری لنکا ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کر سکتا ہے اگر وہ آسٹریلیا کو 4-1 یا اس سے زیادہ کے مارجن سے شکست دے۔ 5 ایک روزہ مقابلوں کی سیریز کا آغاز 10 اگست سے پالی کیلے کے مرلی دھرن انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، جس میں مذکورہ مارجن سے کامیاب سری لنکا کو تاریخ میں پہلی مرتبہ نمبر ون ٹیم بنا سکتی ہے۔

سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے
سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن آسٹریلیا ستمبر 2009ء سے ایک روزہ کرکٹ میں پہلے درجے پر فائز ہے اور اس وقت بھی 130 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سری لنکا 12 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے۔ اگر سری لنکا سیریز میں 4-1 سے کامیابی حاصل کرتا ہے تو وہ ایک پوائنٹ کے فرق سے آسٹریلیا پر برتری حاصل کر لے گا اور پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لے گا لیکن اگر وہ کلین سویپ کرتا ہے تو اسے 8 پوائنٹس کی واضح برتری حاصل ہو جائے گی۔

اعداد و شمار کے مطابق 4-1 سے فتح کے نتیجے میں سری لنکا کے پوائنٹس کی تعداد 125 ہو جائے گی جبکہ آسٹریلیا کے پوائنٹس گھٹ کر 124 ہو جائیں گے جبکہ 5-0 سے فتح سری لنکا کو 11 پوائنٹس دے گی اور وہ 129 پر آ جائے گا جبکہ آسٹریلیا کے پوائنٹس کی تعداد 121 ہو جائے گی۔

دوسری جانب اگر آسٹریلیا میزبان سری لنکا پر 4-1 سے فتح پاتا ہے تو سری لنکا جنوبی افریقہ سے بھی پیچھے چوتھی پوزیشن پر چلا جائے گا۔جبکہ آسٹریلیا کے پوائنٹس کی تعداد 133 ہو جائے گی اور ان کی پوزیشن اور مضبوط ہو جائے گی۔

ٹیموں کی درجہ بندی کے علاوہ کئی کھلاڑی بھی اپنی انفرادی رینکنگ کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ اس وقت آسٹریلیا کےشین واٹسن بلے بازوں میں تیسری پوزیشن پر ہیں جبکہ کمار سنگاکارا، مائیکل ہسی اور حریف کپتان تلکارتنے دلشان اور مائیکل کلارک بھی سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

گیند بازوں میں آسٹریلیا کے مچل جانسن ساتویں اور بریٹ لی 16 ویں جبکہ سری لنکا کے نووان کولاسیکرا 20 ویں نمبر پر ہیں۔

اس سیریز میں اعلیٰ کارکردگی مذکورہ کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بہتری لا سکتی ہے۔

سیریز کا پہلا مقابلہ 10 اگست کو پالی کیلے میں ہوگا جس کے بعد 14 اور 16 اگست کو دو مقابلے ہمبنٹوٹا میں کھیلے جائیں گے۔ کولمبو کا پریماداسا اسٹیڈیم 20 اور 22 اگست کو دو آخری مقابلوں کی میزبانی کرے گا۔