عثمان خواجہ کو بھارتی ویزا مل گیا
پاکستانی نژاد آسٹریلین کھلاڑی عثمان خواجہ کو اگلے ماہ چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے بھارت کا ویزا دے دیا گیا۔
گزشتہ روز آسٹریلیا میں بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے ویزا جاری کرنے سے انکار کے بعد عثمان خواجہ نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر بتایا تھا کہ بھارت نے مجھے بطور آسٹریلوی باشندہ ویزا جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، کیونکہ میں یہاں پیدا نہیں ہوا۔
عثمان خواجہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور بعد ازاں اہل خانہ کے ساتھ آسٹریلیا منتقل ہو گئے۔
معاملہ منظرعام پر آنے کے ایک روز بعد ہی ہائی کمیشن نے عثمان کو ویزا جاری کر دیا ہے۔ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز کے چیئرمین ڈاکٹر ہیری ہری ناتھ نے بھارتی ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم خوش ہیں کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا ہے اور اس پر ہم بھارتی قونصل جنرل جناب امیت داس گپتا کے مشکور ہیں۔"
عثمان خواجہ چیمپئنز لیگ کے لیے اعلان کردہ نیو ساؤتھ ویلز کے 20 رکنی دستے کا حصہ ہیں۔ ان میں سے 15 کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے انہیں بھارت بھیجا جائے گا۔ چیمپئنز لیگ کا آغاز 23 ستمبر کو ہوگا جس میں نیو ساؤتھ ویلز اپنا پہلا میچ 24 ستمبر کو چنئی میں کھیلے گا۔ ٹورنامنٹ کے لیے نیو ساؤتھ ویلز کے حتمی دستے کا اعلان رواں ہفتے کے آخر میں ہوگا۔
عثمان خواجہ رواں سال آسٹریلیا میں کھیلی گئی ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں شرکت کر کے آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے پہلے مسلمان کھلاڑی بنے تھے۔