چوتھے ٹیسٹ کے لیے انگلش دستے کا اعلان، فن اور ٹریملٹ بھی طلب

1 1,023

انگلستان نے بھارت کے خلاف چوتھے و آخری ٹیسٹ کے لیے 13 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں دو سیمرز اسٹیون فن اور کرس ٹریملٹ کے نام بھی شامل ہیں۔

اسٹیون فن بھی 13 رکنی دستے میں شامل ہیں
اسٹیون فن بھی 13 رکنی دستے میں شامل ہیں

مسلسل تین ٹیسٹ فتوحات کے بعد انگلستان کی نظریں اب بھارت کے خلاف سیریز 4-0 سے جیتنے پر مرکوز ہیں۔ اس لیے برمنگھم میں تیسرے ٹیسٹ میں بھارت کو اننگز اور 242 رنز سے شکست دینے والے دستے میں دو مزید باؤلرز شامل کیے گئے ہیں۔ روی بوپارا بدستور ٹیم میں موجود رہیں گے کیونکہ جوناتھن ٹراٹ ابھی تک مکمل صحتیاب نہیں ہوئے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیے کے مطابق کرس ٹریملٹ اپنی کمر کی انجری سے صحت یابی کے بعد سلیکشن کے لیے دستیاب تھے جبکہ اسٹیون فن کو بھی دستے میں طلب کیا گیا ہے۔

انگلستان کے قومی سلیکٹر جیوف ملر نے کہا کہ کندھا زخمی ہونے کے بعد جوناتھن ٹراٹ کی صحت تیزی سے بحال ہو رہی ہے تاہم انہیں مزید علاج کی ضرورت ہے، اس لیے وہ چوتھے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور سلیکشن کمیٹی نے روی بوپارا کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایجبسٹن، برمنگھم میں ٹیم نے بہت ہی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب ان کی نظریں مزید کامیابیوں پر مرکوز ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا و آخری ٹیسٹ 18 اگست سے لندن کے تاریخی میدان اوول میں شروع ہوگا۔

چوتھے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:

اینڈریو اسٹراس (کپتان)، جیمز اینڈرسن، این بیل، روی بوپارا، ٹم بریسنن، اسٹورٹ براڈ، ایلسٹر کک، اسٹیون فن، ایون مورگن، کیون پیٹرسن، میٹ پرائیر، گریم سوان اور کرس ٹریملٹ۔