دورۂ زمبابوے؛ لاہور میں پاکستان کا تربیتی کیمپ شروع

1 1,016

دورۂ زمبابوے کی تیاری کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہوگیا جس میں 16 کھلاڑی شریک ہیں۔مذکورہ کیمپ میں اعجاز احمد بھی قومی ٹیم کے بیٹسمینوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو دورۂ زمبابوے میں نوجوان کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہے
پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو دورۂ زمبابوے میں نوجوان کھلاڑیوں کا ساتھ حاصل ہے

سوموار کو کیمپ کے پہلے روز اسپنر سعید اجمل کے علاوہ تمام کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں کپتان مصباح الحق، اسد شفیق، اظہر علی، اعزاز چیمہ، توفیق عمر، جنید خان، رمیز راجہ، سہیل خان، عدنان اکمل، عمر اکمل، عمران فرحت، محمد حفیظ اور یونس خان شامل تھے۔ سعید اجمل کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کے بعد وطن واپس آ رہے ہیں اور ممکن ہے کہ منگل کو تربیتی کیمپ میں شرکت کریں۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ نے اعجاز احمد سے صرف زمبابوے کی سیریز کے لئے معاہدہ کیا ہے اور اس سیریز میں بیٹسمینوں کی کارکردگی کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا کہ آئندہ اعجاز احمد کو بیٹنگ کوچ برقرار رکھا جائے یا نہیں۔گزشتہ روز انہوں نے اسد شفیق،عمر اکمل،محمد حفیظ اور رمیز راجہ سمیت کئی نوجوان کرکٹرز کو بیٹنگ کی مفید ٹپس دیں۔

لاہور کے قدافی اسٹیڈیم میں جاری کیمپ میں روزانہ تربیتی کمیپ میں دو تربیتی سیشن ہوں گے،ایک نماز عصر کے بعد سے افطاری تک اور دوسرا نماز تراویح کے بعد برقی قمقموں میں ہوگا۔

گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس کاندھے پر گیند لگنے سے معمولی زخمی ہوگئے۔تاہم بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ معمولی نوعیت کی چوٹ ہے جس سے ہلکی سی تکلیف ہے جو ایک یا دو دن میں ختم ہوجائے گی۔

تربیتی کیمپ 21 ستمبر تک جاری رہے گا جس کے بعد قومی ٹیم 25 ستمبر کو زمبابوے روانہ ہوگی جہاں وہ ایک ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور 2 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں میزبان ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ سیریز کا آغاز یکم ستمبر سے بلاوایو میں واحد ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔ تاہم اس سے قبل پاکستان 28 اگست سے زمبابوے الیون کے خلاف دو روزہ ٹور میچ کھیلے گا۔