ویمنز ورلڈ کپ 2013ء کوالیفائنگ راؤنڈ کے شیڈول اور گروپوں کا اعلان

1 1,023

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کے عالمی کپ 2013ء کے کوالیفائرز کے لیے ٹیموں کے گروپوں کا اعلان کردیا ہے۔

2009ء کے عالمی کپ کی چار سرفہرست ٹیمیں انگلستان، آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ براہ راست کوالیفائی کر چکی ہیں
2009ء کے عالمی کپ کی چار سرفہرست ٹیمیں انگلستان، آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ براہ راست کوالیفائی کر چکی ہیں

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے کرک نامہ کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق بنگلہ دیش میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز، آئر لینڈ، جاپان اور میزبان بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ 'بی' میں رکھا گیا ہے ۔ دوسری جانب گروپ 'اے' جنوبی افریقہ، سری لنکا، نیدرلینڈز، زمبابوے اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کی ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔

اگلے عالمی کپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ رواں سال بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا، جس کے مقابلے 14 سے 25 نومبر تک ڈھاکہ میں منعقد ہوں گے۔

خواتین کا عالمی کپ 2013ء میں بھارت میں کھیلا جائے گا جس کے لیے چار ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی پا چکی ہیں کیونکہ انہوں نے گزشتہ عالمی کپ میں سرفہرست 4 پوزیشنیں حاصل کی تھیں۔ ان میں موجودہ چیمپئن انگلستان کے علاوہ آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ جبکہ 4 مزيد ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ میں سے حتمی مرحلے میں پہنچیں گی یوں عالمی کپ میں کھیلنے والی ٹیموں کی تعداد 8 ہوگی۔