خواتین ٹیم کا دورۂ ویسٹ انڈیز؛ پاکستان کی 14 رکنی ٹیم کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے 14 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے لیے 19 سالہ ربیعہ شاہ کو ایک مرتبہ پھر طلب کر لیا گیا ہے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت ثناء میر کریں گی، جن کی کپتانی میں پاکستان نے گزشتہ ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ٹیم کی بیشتر کھلاڑی وہی ہیں جنہوں نے چار ماہ قبل سری لنکا کا کامیاب دورہ کیا تھا اور چار ملکی سیریز میں فتوحات کے جھنڈے گاڑے۔
ربیعہ شاہ جنہوں نے آخری مرتبہ گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں آئی سی سی ویمنز چیلنج میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، ایک مرتبہ پھر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم دورۂ ویسٹ انڈیز میں 4 ایک روزہ اور 4 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلے کھیلے گی جن کا آغاز 28 اگست سے ہوگا۔ ٹیم 24 اگست کو کراچی سے ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوگی جبکہ 11 ستمبر کو سیریز کی تکمیل کے بعد 13 ستمبر کو وطن واپسی کا سفر کرے گی۔
اعلان کردہ دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا:
ثناء میر (کپتان)، اسماویہ اقبال، بتول فاطمہ، بسمہ معروف، جویریہ ودود، ربیعہ شاہ، سعدیہ یوسف، قانطہ جلیل، کائنات امتیاز، مریم حسن شاہ، مرینہ اقبال، معصومہ جنید، ندا ڈار اور نین عابدی۔
ان کے علاوہ چار کھلاڑیوں کو متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے جن میں ثانیہ خان، سدرہ امین، ناہیدہ خان اور ثناء گلزار شامل ہیں۔
ان کے علاوہ ٹیم انتظامیہ کو بھی برقرار رکھا گیا ہے جن میں عائشہ اشعر ٹیم مینیجر، منصور رانا کوچ اور محتشم رشید باؤلنگ اور فیلڈنگ کوچ شامل ہیں۔