دلشان رواں سال کے آخر تک سری لنکا کے کپتان مقرر

1 1,029

سری لنکا کرکٹ نے تلکارتنے دلشان کو رواں سال کے اختتام تک تمام اقسام کی کرکٹ میں قیادت کے فرائض سونپ دیے ہیں۔

بطور کپتان تلکارتنے دلشان کی کارکردگی ملی جلی رہی ہے
بطور کپتان تلکارتنے دلشان کی کارکردگی ملی جلی رہی ہے

عالمی کپ 2011ء کے فائنل میں شکست اور کمار سنگاکارا کی جانب سے قیادت سے استعفیٰ دینے کے بعد سری لنکا نے تلکارتنے دلشان کو قیادت کی ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ انگلستان کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ سیریز میں شکست اور آسٹریلیا کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز مایوس کن کارکردگی کے باعث ان کا مستقبل ڈانواڈول تھا لیکن کرکٹ سری لنکا نے آج رواں سال کے اختتام تک انہیں کپتان مقرر کر کے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس سے ان کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی یہ امر یقینی ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے ساتھ ساتھ رواں سال جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز میں بھی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

دلشان کپتان بنائے جانے کے بعد سے مستقل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے اور انگلستان کے خلاف سیریز میں بھی ملی جلی بلے بازی کا مظاہرہ کیا جبکہ ایک روزہ سیریز میں مکمل طور پر ناکام رہے۔

البتہ آسٹریلیا کے خلاف جاری مقابلوں میں انہوں نے نسبتاُ اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور ٹی ٹوئنٹی میں سنچری کے علاوہ تیسرے ایک روزہ میں نصف سنچری کے ذریعے سیریز میں سری لنکا کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔